ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن اس عہد کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں کہ وہ ملک و قوم کی ترقی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گی اور اس سلسلے میں کسی جانی و مالی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عظیم قربانی سے معرض وجود میں آیا جس کی مثال تاریخ عالم میں نہیں ملتی۔ اس سال بھی 14 اگست یوم آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جائےگا جس میں عام آدمی کی شرکت اور شمولیت بھی لازمی بنائی جائےگی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کےلئے ہونے والے تیاری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ساہیوال پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر اور رجسٹرار سید اصغر علی شاہ،ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر)اکرام الحق، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، اے سی جنرل علیزہ رحمان اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یوم آزادی پر رنگارنگ پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے جن میں عام آدمی کو شرکت کا موقع ملے گا۔ انہوں نے 13 اور14اگست کی درمیانی رات12بجے ساہیوال، اوکاڑہ اور پاک پتن میں آتش بازی کا شاندارمظاہرہ کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ 14اگست کو ہر شہر میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریبات منعقد ہونگی۔ ساہیوال کی مرکزی تقریب ساہیوال آرٹس کونسل کے جناح ہال میں منعقد ہو گی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے طلبہ و طالبات کو پاکستان کے قیام کی غرض و غائیت بتانے کےلئے تعلیمی اداروں میں خصوصی پروگرام منعقد کرنے اور عوام کی تفریح کےلئے 14اگست کی شام خصوصی میوزیکل پروگرام منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
زندہ قومیں ملک کیلئے کسی جانی و مالی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرتی:کمشنر ساہیوال



















