گجرات(بیورورپورٹ)”دوست دوست نہ رہا“پرویزالٰہی کیخلاف وعد ہ معاف گواہ بن گیا۔
ذرائع کے مطابق برسوں پرانا دوست افگن فاروق سابق وزیراعلیٰ کیخلاف کرپشن کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گیا، اینٹی کرپشن حکام کو بیان بھی قلمبندکرادیا ، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق پرانی جی ٹی روڈ سے لکھنووال تک 29 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر میں پرویز الٰہی کو بھاری رشوت دی گئی۔
افگن فاروق نے بیان میں کہا 2ارب کے منصوبے میں ٹھیکےدار نے 25 کروڑ دئیے، 5 کروڑ پہلے اور 20 کروڑ بل کلیئر ہونے پر دینے کا وعدہ کیا، منصوبے کے ٹھیکے پر 2022 میں میرے سامنے چودھری صاحب کو 5 کروڑ دیئے گئے، یوریا کھاد کے سفید توڑوں میں ایک ایک کروڑ کے 5 پیکٹوں میں رقم ادا ہوئی، پرویز الٰہی نے رقم پیکٹوں سے نکال کراپنے سامنے گنوائی۔
دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کےخلاف رشوت لینے کے الزام کے کیس میں تعمیراتی کمپنی کے مالک کے بیٹے وقار نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرا دیا،وقار نے بیان سینئر سول جج افضل کی عدالت میں ریکارڈ کرایا۔
وقار نے کہا والد نے سڑک تعمیر کا ٹھیکہ لینے کیلئے سہیل اصغر سے رابطہ کیا ،2 کروڑ روپے کا بندوبست کرنے کا کہاگیا،رقم کا انتظام ہونے پر سہیل اصغر نے والد کی پرویز الٰہی سے ملاقات کرائی، سابق وزیراعلیٰ کے سابق سیکرٹری خان بھٹی کے سامنے والد نے 2 کروڑ روپے پرویز الٰہی کو دئیے۔
”دوست دوست نہ رہا“پرویزالٰہی کیخلاف وعد ہ معاف بن گیا



















