لیسکو نے گھریلو صارفین کیلئے نئے کنکشن کی فیس میں 100 فیصد اضافہ کردیا

لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (Lesco) نے گھریلو صارفین کیلئے نئے کنکشن کی فیس میں اضافہ کردیا۔ نئے کنکشن کیلئے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس میں 100 فیصد تک اضافہ کرنے کی منظوری دیدی گئی۔ گھریلو صارفین کیلئے نیو کنکشن کی فیس میں اضافے کا فیصلہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ سنگل فیز کنکشن کی کیپٹل کاسٹ 4 ہزار سے بڑھا کر 7ہزار 400 روپے کردی گئی ہے۔ اس مجوزہ اضافے کے بعد سنگل فیزمیٹرکا مجموعی ڈیمانڈ نوٹس 10ہزارکا ہوجائیگا جبکہ تھری فیزمیٹرکی کیپٹل کاسٹ 15 ہزار سے بڑھا کر 33ہزار کردی گئی۔ یوں تھری فیزکنکشن کیلئے ڈیمانڈ نوٹس پر 42ہزار روپے تک ادائیگی کرنا ہوگی۔ حکام کے مطابق میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ڈیمانڈ نوٹس فیس میں اضافہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر کسٹمرسروسزنے آپریشن سرکلز کے سربراہان کو مراسلہ بھجوا دیا۔ اضافی قیمت کا فیصلہ جون سے نافذالعمل ہوگا۔