ساہیوال (چوہدری اشرف سے)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا ہے کہ شہر میں جاری پسپ پروگرام کے تحت سیوریج، پینے کے پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے پر پوری توجہ دی جارہی ہے تاکہ یہ بروقت مکمل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کے تحت شہر کی آئندہ 40سال کی سیوریج اور پینے کے پانی کی ضروریات پوری ہونگی اور ساہیوال کا شماربھی ایک جدید اور ترقی یافتہ شہر میں ہوگا۔ انہوں نے یہ بات کمشنر آفس میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہی جس میں پسپ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، پراجیکٹ ڈائریکٹر پسپ حمزہ سالک، چیف انجینئر پسپ طاہر شیخ، سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان اور چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ محمد اشفاق سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاک پتن روڈ پر ڈالے جانے والے72انچ قطر کے سیوریج لائن کا کام30ستمبر، مڈھالی روڈ30 اگست اور فتح شیر روڈ، ہائی سٹریٹ اور علامہ اقبال روڈ کا مکمل 30ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ تمام کام کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کریں اور مقررہ مدت کے درمیان مکمل کرنے کو یقینی بنائیں۔
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے بتایا کہ پچھلے 4ماہ سے پسپ پروگرام کے تمام کاموں میں تیزی آئی ہے اور وہ روزانہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کے اجلاس میں پراگرس کا جائزہ لیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ منصوبے میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو فوری دور کرنے میں بھی پسپ حکام کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ اس سے پہلے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شہر میں سیوریج پائپ ڈالنے کا کام آخری مراحل میں ہے اور ساتھ ساتھ سڑکوں کی بھی مرمت کی جار ہی ہے۔ اسی طرح مڈھالی روڈ اور پاک پتن روڈ پر بھی سیوریج لائن ڈالنے کے کام کو تیز کردیا گیا ہے جسے مقررہ مدت کے اندر ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات جلد دور ہوں۔ انہوں نے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو دورکرنے میں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید اور ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر کے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی نشاندہی پر شہر کی مزید سات سڑکوں کو ماڈل روڈز بنانے پر رضامندی کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف منصوبوں سے ہونے والی سیونگ سے ان سڑکوں کو تعمیر کرایا جائے گا۔بعد ازاں سےکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد احمد نے پاک پتن روڈ، وےسٹ ٹرےٹمنٹ پلانٹ، مڈھالی روڈ، ، آڑاتلہ روڈ، فرےدےہ پارک روڈ، فتح شےر روڈ، جھال روڈ اور محمد پور روڈ کا بھی دورہ کےا اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لےا۔
پسپ پروگرام سے سیوریج ،پینے کے پانی کی ضروریات پوری ہوں گی ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ



















