ن لیگ،پیپلز پارٹی میں نگران سیٹ اپ کے معاملات طے،فوری انتخابات پر اتفاق

لاہور (اپنے رپورٹر سے،نمائندہ خصوصی)ن لیگ،پیپلز پارٹی میں انتخابی اصلاحات،نگران سیٹ اپ کے معاملات طے،فوری انتخابات پر اتفاق کرلیا گیا،سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان حالیہ دنوں دبئی میں ہونےوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہوں کی ملاقات چارٹر آف ڈیموکریسی کا تسلسل تھی، ملاقات میں فوری انتخابات پر اتفاق اورانتخابی اصلاحات ،نگران سیٹ اپ کے معاملات طے پا گئے،وفاقی نگران سیٹ اپ میں ن لیگ کے تجویز کردہ افراد کی تعداد زیادہ ہو گی جبکہ پیپلزپارٹی و دیگر جماعتوں کی نمائندگی تناسب کے حساب سے ہوگی، نگران وفاقی حکومت الیکشن کمیشن کےساتھ ملکر انتخابات مقررہ وقت پرکرائے گی۔

اندورنی ذرائع کے مطابق نگران سیٹ اپ میں سیاسی، سابق جوڈیشری کے افراد اور مضبوط ٹیکنوکریٹس نہ لانے ،نام وقت سے قبل میڈیا ،جماعتی میٹنگ میں نہ لانے پر اتفاق کیاگیا،دونوں جماعتوں کی قیادت نے اہم ناموں پر مشاورت شروع کردی۔