محرم مجالس اور جلوسوں کیلئے کیٹیگریز وائز میونسپل انتظامات یقینی بنائے جائیں:کمشنر لاہور
لاہور ( خبر نگار) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں بلدیہ عظمیٰ لاہور کو محرم کے تمام انتظامات کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کردی۔ کمشنر لاہور نے اگلے ہفتے محرم انتظامات و ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ محرم مجالس اور جلوسوں کیلئے کیٹیگریز وائز میونسپل انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ تمام اضلاع میں امن کمیٹیوں کے ساتھ ملکر پلاننگ کو حتمی شکل دی جائے۔ اجلاس میں ایم او آر سہیل اشرف گوندل، ایم او آئی میاں ثاقب، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جاوید رشید چوہان، پی ایس او ٹو ایڈمنسٹریٹر میاں وحید الزمان سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔دریں اثناء کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے دورہ کے دوران پاک فوج کے افسران، ضلعی انتظامیہ لاہور و شیخوپورہ، ریسکیو 1122،واسا، اریگیشن و دیگر محکموں کے افسران ہمراہ تھے۔ کمشنر لاہورمحمد علی رندھاوا نے آن سپاٹ بریفنگ لی۔ محکموں نے تیاریوں پر تفصیلات فراہم کیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ دریائے راوی کے پلوں کے نیچے سے تجاوزات کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی میں فلڈ کے حوالے سے ابتدائی وارننگ جاری ہوئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت دریائے راوی میں تقریباً 14ہزارکیوسک پانی بہہ رہا ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ لاہور اور شیخوپورہ کی انتظامیہ اپنے اپنے ایریاز میں ایس اوپی زکے مطابق انتظامات مکمل کریں۔ اس وقت دریائے راوی میں نارمل بہاو ہے۔ پانی پلوں سے بہت نیچے ہے۔ فلڈ سے قبل تمام ضروری تیاریوں اور وسائل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ریسکیو 1122 اور ایم سی ایل تمام ہنگامی سامان کی سٹاک چیکنگ کریں۔ کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ فلڈ کی صورت میں ایویکیوایشن پلان ابھی ترتیب دیں، سائٹس کا وزٹ کریں۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور نے آج لکشمی چوک کا دورہ کیا اور بارش کے حوالے سے واسا اور ضلعی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نکاسی اب کا بہتر انتظام کرنے کیلئے خصوصی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اے سیز اپنی تحصیلوں میں نکاسی آب بر وقت یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں۔بارش کے اگلے سپیل کیلئے واسا، ایل ڈی اے، سی بی ڈی، ایم سی ایل اور متعلقہ ادارے اقدامات مکمل کریں۔ نشیبی علاقوں اور انڈرپاسز پر نکاسی آب کا بروقت انتظام ہونا چاہیے۔ کمشنر لاہور نے ضلعی انتظامیہ و الائیڈ محکموں کو واسا کے ساتھ مل کر نکاسی آب کوجامع بنانے کی ہدایت کر دی۔کمشنر لاہور نے کہا کہ غفلت اور لا پرواہی برتنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لایا جائےگا۔دوسری طرف کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال مزنگ کے افسوسناک واقعہ پر پنجاب میرج ہال ٹیمپل روڈ کیخلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ داتاگنج بخش ٹاون نے مالکان میرج ہال کیخلاف ایف آئی آر کیلئے استغاثہ دےدیا۔کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ہسپتال جائے حادثہ کا دوبارہ دورہ کیا۔ایم سی ایل افسرانکو طلب کر لیا۔ ٹیموں نے ہسپتال کی طرف میرج ہال کے عقبی حصے کو خالی کرانے کیلئے آپریشن شروع کردیا۔ پنجاب میرج ہال ٹیمپل روڈ کو سربمہر بھی کردیا گیا۔



















