سابق وفاقی وزیر نذر گوندل اور 6اہم سیاسی رہنماﺅں کاپی ٹی آئی سے اعلان لاتعلقی

منڈی بہاﺅالدین،لاہور(بیورورپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)کپتان کو ایک اور دھچکا،سابق وفاقی وزیر نذر گوندل اور 6اہم سیاسی رہنماﺅں نے پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

نذر گوندل نے کہا9 مئی کے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں ،پارٹی کو خیرباد کہہ دیا، اداروں کےساتھ تصادم کی سیاست پر یقین نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی منفی سیاست ملکی مفاد میں نہیں، پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اعلان کرتا ہوں۔

ادھر 6 اہم سیاسی رہنماوں نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر لی،پارٹی چھوڑنے والوں میںسابق نائب صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب، سابق صدر لاہور، سابق چیئرمین زکوٰة و عشر اور امیدوار این اے 127 شبیر سیال، سابق جوائنٹ سیکرٹری لاہور امیدوار این اے 118 میاں سلمان شعیب، امیدوار پی پی 154 علی خان ،پارٹی الیکشن سٹریٹجی پلانر، پی ٹی آئی الیکشن سیل کے سربراہ خرم قریشی، سابق صدر آئی ٹی ایف کرامت علی ، سابق پارٹی صدر کینٹ، امیدوار پی پی 155 میجر (ر) جاوید ضمیر شامل ہیں۔

سیاسی رہنماﺅں نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کی اشتعال انگیز سیاست خصوصاً 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں،مزید کسی شرپسند پارٹی کا حصہ نہیں رہ سکتے۔