ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری اٹھانے اور شہر کو صاف ستھرا رکھنے کےلئے میونسپل کارپوریشن کے عملے کو ضروری ہدایات جاری کر دیں، تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے اور سینٹری ورکرز کو 24گھنٹے ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی بھی ہدایت، عوامی شکایات سننے اور فوری حل کےلئے کنٹرول روم فعال رکھے جائیں اور ان کے رابطہ نمبروں کی بھرپور تشہیر بھی کی جائے، کمشنر شعیب اقبال سید۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں عیدالاضحی کے موقع پر ساہیوال شہر اور ضلع کے دوسرے قصبات و دیہات میں صفائی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ لے رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل نواز خان اور میونسپل آفیسر سروسز غلام عباس نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ عید پر عوام کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی کارپوریشن کی بنیادی ذمہ داری ہے جس میں کوتاہی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے شہریوں کو آلائشیں ڈالنے کےلئے پلاسٹک شاپر گھروں میں فراہم کرنے اور ہر گھر سے واپس اکٹھا کرنے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے عوام کو ویسٹ کولیکشن پوائنٹس کے بارے میں آگہی فراہم کرنے اور آلائشیوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کےلئے بھرپور آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد نے بتایا کہ صفائی کےلئے شہر کو 4زونز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون میں صفائی یقینی بنانے کے لئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ اس کے علاوہ عوام کی شکایات کو فوری دور کرنے کےلئے مرکزی شکایت سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کے نمبر0409200154پر شہری آلائشوں کے نہ اٹھائے جانے بارے اطلاع دے سکتے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے قربانی کے جانوروں کی شہر کے مختلف چوراہوں اور گلی محلوں میں فروخت پر ناراضگی کا اظہار کیا اور چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ عید تک جانوروں کی فروخت کےلئے شہر میں جگہیں مختص کر دی جائیں۔ انہوں نے عید کے روز مساجد اور کھلی جگہوں کی مکمل صفائی رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر اکرام الحق نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع کونسل نے بھی قصبات اور دیہات سے آلائشیں اکٹھی کرنے کا پلان ترتیب دےدیا ہے، ضلع بھر میں 18کولیکشن پوائنٹس بنائے گئے ہیں اور وہیں پر آلائشوں کی ڈمپنگ بھی کی جائےگی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کونسل میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے جہاں عوام فون نمبر0409200365 پر شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
شہر کی صفائی اوّلین ترجیح، عید پر جانوروں کی آلائشیں فوری اٹھائی جائیں: کمشنر ساہیوال



















