ڈی پی او میانوالی جیسے فرض شناس افسران و اہلکار محکمہ پولیس کے ہیرو ہیں:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ڈی پی او میانوالی سے ملاقات کرتے ہوئے انکی خیریت دریافت کی، آئی جی پنجاب نے آپریشن کے بعد روبصحت ڈی پی او میانوالی کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ خان جیسے فرض شناس افسران و اہلکار محکمہ پولیس کے ہیرو ہیں، ان غازیوں کے بہترین علاج اور بحالی صحت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے گی۔ ڈی پی او مطیع اللہ خان لاہور کے مقامی ہسپتال میں زیر علاج رہے جہاں ان کے سر کا آپریشن کیا گیا۔ گذشتہ ماہ امن و امان کو برقرار رکھنے کی ڈیوٹی کے دوران ڈی پی او میانوالی شرپسندوں کے حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے۔ ڈی پی او میانوالی کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی تاہم وہ زخموں کی پرواہ کئے بغیر لگاتار ڈیوٹی پر موجود رہے۔طبیعت ناساز ہونے پر انہیں لاہور کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی ہیڈ انجری کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔ ڈی پی او مطیع اللہ خان ہسپتال سے اپنی لاہور رہائش گاہ منتقل ہو چکے اور روبہ صحت ہیں۔ دریں اثناءپنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز رفتار بارش سے متاثرہ شہریوں کی مدد کیلئے پنجاب پولیس کے افسران اور جوان امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی پی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہے، پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں،آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سی پی اوز، ڈی پی اوز خود فیلڈ میں جا کر ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیں۔ مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں اور حادثات کی صورت میں فوری ریسپانڈ کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس افسران اور اہلکار لاہور سمیت شدید اور مسلسل بارش سے متاثرہ سڑکوں سے نکاسی آب میں واسا اور دیگر اداروں کی مدد کر رہے ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے مختلف حادثات کے نتیجے میں زخمی شہریوں کو ریسکیو کرنے اورہسپتال پہنچانے میں متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت کی گئی ہے۔دوسری طرف انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے اچھی کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کی انعامات سے حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے جس کے تسلسل میں سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مختلف اضلاع کے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد و کیش انعامات سے نوازا۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں گوجرانوالہ، راولپنڈی، بہاولپور ریجنز سمیت دیگر اضلاع و فیلڈ فارمیشنز کے افسران و اہلکار شامل تھے، ان افسران و اہلکاروں نے دوران ڈیوٹی جرائم کے قلع قمع اور پبلک سروس ڈلیوری کی بہتری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے تمام افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے انعامات حاصل کرنے والوں افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جزا پھر سزا میری پالیسی کا بنیادی جزو، انعامات کا مقصد مورال بلند کرنے کے ساتھ فورس میں بہترین کارکردگی کا جذبہ موجزن کرنا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ انعامات کے بدلے میں محکمہ پہلے سے زیادہ محنت اور فرض شناسی سے فرائض کی ادائیگی کا متقاضی ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ظالموں، ڈکیتوں، راہزنوں اور منظم جرائم میں ملوث مجرمان کو پابند سلاسل کرکے متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ جرائم کنٹرول کی جدید آئی ٹی ایپلی کیشنز سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے خطرناک مجرمان کو پابند سلاسل کریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ پاکستان کی حفاظت اور پاکستانیوں کی خدمت ہماری قومی و محکمانہ ذمہ داری ہے جسے پوری ایمانداری کے ساتھ ادا کریں۔ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس اور اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔