اسلام آباد (مشرق نیوزآ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بطور قائم مقام صدر ایوانِ صدر اسلام آبادپہنچ گئے جہاں انہوں نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی جانب سے ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پر آج دستخط کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قائم مقام صدر صادق سنجرانی کے دستخط کرتے ہی یہ بل ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائےگا۔ واضح رہے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے 52 رکنی وفد کے ہمراہ قومی ایئر لائن پی آئی اے کے خصوصی طیارے پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔ صدرِ مملکت کی غیر موجودگی میں اب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے بطور قائم مقام صدر ذمہ داریاں سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ دوسری جانب الیکشن ایکٹ ترمیمی بل سینیٹ سے منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے بھی منظور ہو چکا ہے اور ایوانِ صدر میں صدر کی منظوری کیلئے بھیجا جا چکا ہے۔
الیکشن ترمیمی بل، قائم مقام صدر صادق سنجرانی کی طرف سے آج دستخط متوقع



















