اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے اراکین پارلیمنٹ اپنے خرچ پر حج پر جا رہے ہیں،اقتدار میں پولیس آگے ہوتی ہے اور اقتدار میں نہیں ہوتے تو پولیس پیچھے ہوتی ہے، میری درخواست ہے پروٹوکول استعمال نہ کریں ، لمبے لمبے پروٹوکول دیکھ کر عوام گالیاں دیتے ہیں ،تاحیات 12 بندے، گاڑیاں اور ہیلی کاپٹر غریب ملک کا متحمل نہیں ہو سکتا،لوگوں کے خوابوں کا مراعات لےکر مذاق اڑانا مناسب نہیں اگر اتنا ہی خطرہ ہے تو سیاست چھوڑ دیں اور کوئی اور کام کریں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا اگر کسی کی دشمنی ہے تو ذاتی حیثیت میں گارڈز رکھ لے،رسک خود لیا ، وارے میں نہیں پڑتا تو عہدہ چھوڑ دیں، عوام مشکل حالات سے گزر رہے ہیں اور مشکلات کوہ ہمالیہ سے بھی زیادہ بڑی ہیں۔
وزیر دفاع نے کہاحج پر جانے والے کسی ایم این اے کو اضافی سہولت نہیں دی جا رہی،بجٹ کا مرحلہ مکمل ہو گیا اب آئی ایم ایف سے معاہدے کا مرحلہ بھی مکمل ہو جائے گا،وفاقی وزیر نے کہا چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کی مراعات والے بل کو قومی اسمبلی منظور نہ کرے، غریب قوم کے موجودہ حالات میں سینٹ کا منظور کردہ بل کسی صورت درست نہیں۔
اراکین پارلیمنٹ اپنے خرچ پر حج پر جا رہے ہیں، خواجہ آصف



















