میٹروپولیٹن کارپوریشن آڈٹ پیروں کے جوابات دینے میںعدم سنجیدہ،کمشنر اور سیکرٹری بھی خاموش
لاہور (خبر نگار ) میٹروپولیٹن کارپوریشن آڈٹ پیروں کے جوابات دینے میںعدم سنجیدہ، بلدیہ عظمیٰ کے سربراہ کمشنر لاہور ڈویژن اور سیکرٹری بھی اس نااہلی و نالائقی پر خاموش۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کرپشن اور لاقانونیت کے خلاف سینکڑوں آبزرویشنز تحریر کی گئیں مگر میٹروپولیٹن کے افسران و ماتحت پیسے کے نشے میں اس قدر بد مست ہو چکے ہیں کہ ان پیروں کو سنجیدگی سے لیا ہی نہیں گیا اور اب بھی ان کے جوابات دینے کے حوالے سے کوئی تیاری نظر نہیں آ رہی ہے ، حالانکہ آڈٹ ٹیم کو آڈٹ ختم کئے ہوئے ڈیڑھ ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چلا ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال مارچ میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سپیشل آڈٹ کا آغاز ہوا تھا، آڈٹ ٹیم کو آغاز پر ہی افسروں وماتحتوں کے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑا کبھی آڈٹ ٹیم کو سرعام ہراساں کیا جاتا رہا اور کبھی ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی غرض سے ٹرخایا جاتا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود آڈٹ ٹیم مختلف حیلے بہانوں سے صرف 10 فیصد ریکارڈ ہی حاصل کرسکی۔ مگر اس 10 فیصد ریکارڈ پر آڈٹ ٹیم نے انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے سال 2022-23 میں 14 ارب روپے کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑ دیا لیکن اب اس سے بھی زیادہ حیران کن بات یہ ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران و ماتحت آڈٹ پیروں کے جواب دینے کےلئے ابھی تک سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہے ہیں، اور کرپشن کے پیسے پر اس قدر اترایا جارہا ہے کہ آڈٹ رپورٹ کو ہی چیلنج کرنے کی باز گشت سنائی دینا شروع ہو گئی ہے۔



















