غلام سرور ،ہمایوں اختر کا بھی پی ٹی آئی کو الوداع،انصاف کا جھنڈا اب بھی ہاتھ میں ہے، قریشی

راولپنڈی،پشاور ،لاہور(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کو ایک اور جھٹکا،غلام سرو ر،ہمایوں اختر نے بھی ساتھ چھوڑ دیا،سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہامجھے اور میرے خاندان کو سیاست میں 50 سال ہوچکے ،ملکی بقا اور سلامتی کےلئے افواج کی قربانیاں ہیں،شہدا کی یادگاروں، جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاوس اور میانوالی بیس پر حملہ کرنے والے ملک دشمنی کے مرتکب ہوئے ،کورکمانڈر ہاوس نہیں بلکہ پاکستان کے دل پر حملہ کیاگیا۔

غلام سرور نے کہاپاکستانیت پر حملے کے تمام ناپاک عزائم اور اقدام کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ایسے لوگوں کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے، تحریکِ انصاف سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

ادھر سینئر سیاستدان ہمایوں اختر نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا،ٹوئٹر پیغام میں ہمایوں اختر نے کہا قیام پاکستان سے لےکرآج تک خاندان کا پاک فوج سے لازوال تعلق ہے، شہید کی اولاد ہونے کے ناطے پرتشدد واقعات میرے لیے شدید باعث رنج تھے، میرے لیے تحریک انصاف کے ساتھ تعلق جاری رکھنا ممکن نہیں رہا لہٰذاپارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہاانصاف کا جھنڈا اب بھی ہاتھ میں ہے، وقت ثابت کرے گا کون کہاں کھڑا ہے، پی ٹی آئی حقیقت ،نظریہ ہے جسے پختونخوا نے سب سے پہلے قبول کیا اب پورے پاکستان نے قبول کرلیا ،پی ٹی آئی کا مستقبل روشن ہے۔