اسلام آباد (بیورورپورٹ)ججمنٹ ری ویو ایکٹ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد،حکم امتناع میں ایک ماہ توسیع، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ایکٹ کےخلاف کیس مضبوط نہ ہوا تو آئندہ لائحہ عمل طے کریں گے،بار بار قانون معطل نہیں کر سکتے، پہلے ایک قانون کو معطل کیا دوسرے کونہیں کرسکتے۔
الیکشن کمیشن ،وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل 3رکنی بنچ نے سماعت کی،الیکشن کمیشن کے وکیل ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ روسٹرم پر آئے اور عدالت سے مخاطب ہوکر کہا عدالت سے گزارش ہے میری درخواست بھی سن لے۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے عدالت پہلے نظر ثانی قانون پر دلائل سنے گی، دونوں کیس ایک ساتھ مقرر کیے تھے اگر قانون کےخلاف کیس مضبوط نہ ہوا توآئندہ لائحہ عمل طے کریں گے، ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے کہا نظر ثانی قانون کے خلاف درخواستوں پر فیصلے تک درخواستیں زیر التوا رکھی جائیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے آپ شاید توقع کر رہے قانون پر بھی حکم امتناع دیں، ایک کے بعد ایک کیس میں قانون پر حکم امتناع تو ممکن نہیں، درخواست گزار زمان وردگ نے کہا ری ویو ایکٹ میں بھی پریکٹس اینڈ پروسیجر والے ہیں، حکم امتناع دیا جائے، ریویو اینڈ ججمنٹ آرڈر قانون کو معطل کر کے 8 رکنی بنچ کے سامنے سماعت کےلئے مقرر کیا جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بار بار قانون کو معطل نہیں کر سکتے، پہلے ایک قانون کو معطل کیا دوسرے کو معطل نہیں کرسکتے،درخواست گزار نے کہا سپریم کورٹ رولز اینڈ پروسیجر اور ریویو اینڈ ججمنٹ آرڈر کی شقوں میں مماثلت ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا آپ بتائیں کس اصول کے تحت ریویو اینڈ ججمنٹ آرڈر کو معطل کریں،درخواست گزار نے کہاسپریم کورٹ ریویو اینڈ ججمنٹ آرڈر آئین کے آرٹیکل 10 سے متصادم ہے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے اگر ایک قانون آئینی شقوں سے متصادم ہے تو ہرگز قرار نہیں دیا سکتا دوسرا قانون بھی خلاف قانون ہے، 2 قوانین میں مطابقت ہونا بالکل الگ بات ہے، قوانین میں مطابقت ہونا خلاف ورزی قرار نہیں دیا جا سکتا،چیف جسٹس نے استفسار کیا بتائیں پھر دونوں قوانین میں کیا یکساں ہے؟ درخواست گزار نے کہا ریویو ایکٹ آرٹیکل 10 اے کے خلاف ہے، ریویو عدلیہ کی آزادی میں بھی مداخلت ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ، ریویو ایکٹ کا مقصد ایک ہی ہے،جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے دونوں قوانین الگ الگ دائرہ اختیار سے متعلق ہیں، درخواست گزار نے کہا محض قانون سازی سے سپریم کورٹ میں اپیل کا حق دینا خلاف آئین ہے۔
عدالت نے پی ٹی آئی کی جانب سے ریویو ایکٹ کیس میں فریق بننے کی درخوست منظور کرلی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے اپیل و نظر ثانی میں بہت فرق ہے اب ایکٹ سے اپیل اور نظر ثانی کو یکساں کردیا گیا ، کیا اب اپیل کے خلاف بھی نظر ثانی میں جانے کا آپشن ہوگا؟۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے بیرسٹر علی ظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو یہی مطمئن کرنا ہوگا،عدالت نے ججمنٹ ری ویو ایکٹ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی۔
بعدازاںپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف آئینی درخواستوں پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا،سپریم کورٹ نے 8جون کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف جاری حکم امتناع میں ایک ماہ کی توسیع کر دی، سپریم کورٹ کے 8 رکنی بنچ میں شامل جسٹس شاہد وحید کی علالت کے باعث کھلی عدالت میں سماعت نہ ہو سکی، آئینی درخواستوں پر سماعت جولائی تک ملتوی کر دی،تحریری حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے عدالتی اصلاحات و نظرثانی کے نئے قانون میں درستگی کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی ، اٹارنی جنرل کے مطابق دونوں قوانین میں غلطیوں کی درستگی کیلئے ڈرافٹ شروع ہو چکا، پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن و عید تعطیلات کی وجہ سے قانون سازی کیلئے مزید وقت درکار ہے۔
ججمنٹ ری ویو ایکٹ کیخلاف حکم امتناع میں ایک ماہ توسیع،ایک قانون معطل کیا دوسرے کو نہیں کرسکتے،چیف جسٹس



















