ترقیاتی کاموں کے دوران کوئی پودا ضائع نہیں ہونا چاہئے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشر ف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے یونیورسٹی روڈ پر سیوریج پائپ ڈالنے کا کام شروع کرنے سے پہلے تمام پودوں کو شفٹ کرنے کی ہدایت کر دی۔ ترقیاتی کام کے دوران کوئی پودا ضائع نہیں ہونا چاہیے۔ کمشنر ساہیوال۔ اپنے دفتر میں پسپ پروگرام کے ریویو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ڈی جی پی ایچ اے کو ہدایت کی کہ پودوں کی شفٹنگ اور شیڈول کےلئے سٹی منیجر پسپ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو علیزہ ریحان، سٹی منیجر پسپ اسجد خان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے این ایچ اے اور موٹر وے پولیس کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ لاہور بائی پاس چوک اور ویو ہوٹل کے سامنے یوٹرن کو بہتر کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے نئے بس سٹینڈ کی تعمیر سے آنے والے ٹریفک مسائل سے نمٹنے کےلئے جامع منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے سی او ضلع کونسل کو ساہیوال بائی پاس کے دونوں اطراف قائم کمرشل تعمیرات کے قانونی یا غیر قانونی ہونے کی مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے مالکان سے بائی پاس کے میڈین میں شجرکاری کروانے کا بھی حکم دیا۔