تمام شرائط تسلیم،ایم ڈی IMFنے زبانی یقین دہانی کرادی ،معاہدے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے تمام شرائط من وعن تسلیم،ایم ڈی آئی ایم ایف نے زبانی یقین دہانی کرادی معاہدے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں،رواں ماہ ہوجائےگا،پی ٹی آئی حکومت نے اپنے کیے معاہدے کی دھجیاں بکھیر یں، بڑی مشکل سے آئی ایم ایف کےساتھ معاملات طے کیے،معیشت کا پہیہ سیاسی استحکام کےساتھ جڑا ہے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہامملکت کی ذمہ داری سنبھالی تو سب سے پہلا امتحان آئی ایم ایف معاہدے کی بحالی تھی جسے پی ٹی آئی حکومت نے سبوتاڑکیا،سیلاب نے بھی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا،آئی ایم ایف کےساتھ دوبارہ سر جوڑ کر بیٹھے اور تمام شرائط کو نہ صرف من و عن تسلیم کیابلکہ تمام پیشگی اقدامات پر پوری طرح عمل درآمد کیالیکن ابھی تک سٹاف لیول معاہدے پر دستخط نہیں کیے گئے، دستخط ہونے کے بعد معاملہ بورڈ میں جائےگا۔
وزیراعظم نے کہا امید کی جانی چاہیے تمام شرائط پوری کرنے کے بعد رواں ماہ آئی ایم ایف کا نواں جائزہ مکمل ہوکر بورڈ سے منظوری لی جائے گی،میری آئی ایم ایف کی ایم ڈی کےساتھ ٹیلی فون پر ایک گھنٹہ گفتگو ہوئی انہوں نے زبانی یقین دہانی کرا دی اب معاہدے میں رکاوٹ والی کوئی چیز نہیں۔
شہبازشریف نے مزید کہاعوام کی مشکلات کااحساس ہے،مسائل کے باعث عام آدمی پر بے پناہ مہنگائی کا بوجھ پڑا ،کوئی شک نہیں مہنگائی پوری دنیا میں سکہ رائج الوقت ہے، چاہے امریکہ ہو یا برطانیہ، ہر جگہ مہنگائی ہے،دوسرے ممالک کی معیشتوں میں ریلیف دینے کی سکت ہے،بد قسمتی سے جب پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالی تومعیشت تباہ حال ملی،مشکل دور میں بھرپور مدد کرنے پر چین، سعودی عرب اور یو ای اے کے بے حد شکر گزار ہیں،ملکی معیشت سست روی کا شکار ہے، درآمدات پر کنٹرول پالیسی سے معاشی سرگرمیوں میں کمی آئی، تمام چیلنجز پر قابو پانے کےلئے کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہاتمام سٹیک ہولڈرز کےساتھ میٹنگز کیں جن کا خلاصہ ہے زرعی شعبے میں اقدامات کریں تو جلد نتائج مل سکتے ہیں دیگر ممالک کی زرعی پیداواری صلاحیت میں دوگنا یا زیادہ اضافہ ہوچکا، دنیا میں معیشت کا پہیہ سیاسی استحکام کےساتھ جڑا ہے اگر کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا تو معاشی ترقی تو دور کی بات ہے بلکہ تباہ ہوجائے گی، پاکستان میں ایک سال سے سیاسی عدم استحکام کی بھر پور کوشش کیلئے ذرائع تلاش کیے گئے،جتھے بندی سے آنےوالے سیاسی طوفان نے معاشی پہیے کو جام کردیا،براہ راست بیرونی سرمایہ کاری تقریبا ختم ہوگئی، اندرونی سرمایہ کاری رک گئی، صنعتوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہوگیا، سیاسی استحکام کے بغیر آپ اربوں، کھربوں ڈالر جھونک دیں کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، سیاسی استحکام لانے کےلئے سب، ریاست پاکستان اور ادارے یکسو ہیں ،سیاسی استحکام لائیں گے تومعاملہ آگے چلے گا،سیلاب نے بھی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا، سیلاب سے تقریباً 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان کو اربوں روپے زائد دینا پڑے،برآمدات، آئی ٹی اور زراعت کے شعبوں پر توجہ دے کر اکانومی آگے بڑھائیں گے۔
شہبازشریف نے مزید کہا غیرملکی ادائیگیوں کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر پر دباو¿ ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، زرعی صنعتوں پر 5 سال کی ٹیکس چھوٹ کی تجویز ہے، 5 سال ٹیکس چھوٹ سال 2024 سے لاگو ہو گی۔
قبل ازیںچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، بی اے پی کے پارلیمانی لیڈر میر خالد مگسی اور سینیٹر نصیب بازئی پر مشتمل وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی، صوبے کے مالی مسائل اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کا جائزہ لیا گیا۔
وفد نے وزیراعظم کو بتایا بلوچستان عوامی پارٹی میر عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں عوام کے مفادات کے تحفظ و خو شمالی کےلئے کام کررہی ہے۔
وزیراعظم نے پی پی ایل واجبات کی مد میں بلوچستان کو 34 ارب فوری ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہابی اے پی وفاق میں مضبوط اتحادی ہے،پاکستان کی ترقی بلوچستان سے مشروط ہے،تحفظات دور کریں گے، وزیراعظم نے بلوچستان کے مالی مسائل کے حل کےلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل دے دی ،وفاقی و صوبائی اراکین پارلیمنٹ کی نمائندگی ہوگی، کمیٹی پیر کے روز اپنا اجلاس منعقد کرے گی، سفارشات کو آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں شامل کیا جائے گا،بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے مسائل کے حل کی پیش رفت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیااور بجٹ کے بائیکاٹ کافیصلہ واپس لے لیا۔



















