نگراں صوبائی وزیر بلدیات کا ”ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی“ کے قیام کا اعلان

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) نگراں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ابراہیم حسن مراد نے ساہیوال شہر کےلئے ”ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی“ کے قیام کا اعلان کردیا۔ کمپنی شہر کی صفائی، سیوریج کے مسائل کے حل اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے دورہ ساہیوال کے دوران کمشنر آفس میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق، سٹی منیجر پسپ اسجد خان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل محمد نواز اور ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مخلوق کی خدمت سے بڑی کوئی نیکی نہیں اور تمام افسران بے لوث ہوکر کام کریں کیونکہ کم وقت میں عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا انکا مشن ہے۔ صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے پسپ پروگرام پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ جاری تمام منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے تاکہ ان کو بروقت مکمل کر کے ان کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں کی آبادی میں تیزی سے اضافہ کی وجہ سے میونسپل سروسز پر بوجھ بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے میونسپل اداروں کی ڈیجیٹیلائزیشن کی اشد ضرورت ہے۔ سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ18ارب روپے کی خطیر لاگت سے شہر میں سیوریج، پینے کے پانی کی فراہمی، پارکوں کی تعمیر، بڑی سڑکوں کی تعمیر نو اور جدید بس سٹینڈاور پارکنگ پلازہ کی تعمیر شامل ہے جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ صوبائی وزیر نے جاری منصوبوں پر کام کے معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ15کروڑ40لاکھ روپے کی لاگت سے 3 جدید پارک تعمیر کئے جا چکے ہیں جبکہ29کروڑ60لاکھ روپے سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے مشینری بھی کارپوریشن کو فراہم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 14کروڑ80لاکھ روپے سے اس مشینری کےلئے پارکنگ سٹینڈ اور ورکشاپ کی تعمیر بھی شروع کی جا رہی ہے جبکہ 2ارب5کروڑ80لاکھ روپے سے شہر میں واٹر سپلائی کی لائنوں کو تبدیل کر کے مزید43ہزار سے زائد گھروں تک پینے کا صاف پانی پہنچایا جائےگا۔ اسجد خان نے بتایا کہ24کروڑ40لاکھ روپے سے ڈھائی کلومیٹر فتح شیر روڈ کی تعمیر 30جون تک مکمل کر لی جائےگی جبکہ ایک ارب68کروڑ60لاکھ روپے سے شہر کی 4 مزید سڑکوں کی تعمیر نو مکمل کی جائےگی۔ صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ نے تمام جاری منصوبوں پر کام جاری رکھنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ اور چیف آفیسر کارپوریشن اشفاق احمد نے اپنے اپنے اداروں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر سیف اللہ نے بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں خلع کا کوئی کیس زیر التواءنہیں جبکہ طلاق کے صرف8کیسز زیر التواءہیں۔ صوبائی وزیر ابراہیم حسن مراد نے ساہیوال شہر میںشہر خموشاں کی تعمیر تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے فتح شیر روڈ کی تعمیر مقررہ مدت کے دوران مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔