لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس انسداد جرائم اور شہریوں کو سروس ڈلیوری کی باآسانی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کویقینی بنائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سیف سٹی لاہو رکی طرز پر گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں نئے سیف سٹی پراجیکٹس پر کام شروع، جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں ڈی جی خان ریجن کے افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات اور تعریفی اسناد دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی پر ڈی جی خان ریجن کے افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات سے نوازا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 140 افسران و اہلکاروں کو مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔انعامات حاصل کرنے والوں میں مظفر گڑھ، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے انسپکٹر سے کانسٹیبل رینک کے ملازمین شامل تھے۔آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کو مبارکباددیتے ہوئے پہلے سے زیادہ محنت سے فرائض کی ادائیگی کی ہدایت کی۔تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ،اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے پر سی ٹی ڈی فورس کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کاو¿نٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کی ورکنگ کے حوالے سے خصوصی پیغام میں بتایا کہ سی ٹی ڈی ملکی سلامتی،شہریوں کی جان و مال، کاروبار اور املاک کے تحفظ کی علمبردار ہے،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ شب و روز خاموشی اور محنت سے ملک و قوم کی حفاظت یقینی بنانے کا عظیم فریضہ سر انجام دینے والے ان پراسرار بندوں کی تکریم ہم پر لازم ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی اندرونی و بیرونی دشمنوں، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا رہی ہے۔ کاو¿نٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے جانباز سپاہی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کر رہے ہیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ سی ٹی ڈی مجرموں کے اندر گھس کر خفیہ انفارمیشن کے حاصل کرکے خطرناک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر رہی ہے بلکہ ساتھ ہی ساتھ دنیا کے جدید ترین کمپیوٹر سسٹم، ہوم میڈ سافٹ وئیرز، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا تجزیے کو بروئے کار لا رہی ہے،ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سی ٹی ڈی ملک دشمن عناصر کے خلاف سیٹلائٹ ٹریکنگ، ای گیجٹس، جیو فینسنگ جیسے جدید ٹولز بھی استعمال کر رہی ہے، دنیا کی نامور ایجنسیاں انہی انٹیلی جنس ٹیکنالوجیز اور سافٹ وئیرز کو استعمال کرکے دہشت گردوں کا قلع قمع کر رہی ہیں جو سی ٹی ڈی کاپیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کی عکاس ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سی ٹی ڈی اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیز کے اہلکار جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک و قوم کا مستقبل محفوظ بنا رہے ہیں اور ان اہلکاروں کی شبانہ روز محنت اور قربانیوں کے نتیجے میں وطن عزیز سے دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ یقینی ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس شہریوں کی خدمت اور حفاظت کیلئے شب و روز سرگرم عمل اور کوشاں ہے اور اس مقدس فریضے کی ادائیگی میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائےگا۔
گوجرانوالہ، فیصل آباد ، راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کررہے ہیں:آئی جی پنجاب



















