شرپسندی میں بیرونی سازش کے ثبوت موجود ، ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا،وفاقی وزرا

لاہور،اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے 9مئی کو شرپسندی کےلئے بیرونی سازش کے ثبوت موجود ہیں، ریاستی اداروں کو پی ٹی آئی کی بااثر خواتین کے بیرون رابطوں کا مکمل علم ہے، نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا لیکن سازش کے تحت تاحیات نااہل کیا گیا۔

جاوید لطیف نے کہامختلف ممالک سے ملزم کو بچانے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں،جب نواز شریف کو مائنس کرنے کی کوشش کی گئی تو کیا کسی نے آواز اٹھائی،آئندہ شرپسندی کے واقعات سے بچنے کیلئے 9،10مئی کے ماسٹر مائنڈ کو کیفر کردار تک پہنچانا ہو گا، واقعات میں ملوث کرداروں کو اگر قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو مستقبل میں بڑا سانحہ ہو سکتا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ 180ایچ ماڈل ٹاﺅن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

ادھر وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاتارڑ نے واضح کیا 9مئی کے واقعات میں ملوث مجرموں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایاجائےگا،جیل یا تحویل میں کسی خاتون کےخلاف زیادتی یا تشدد کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا ، خدیجہ شاہ کو جیل میں گرمی تنگ کر رہی ہے، جب حساس تنصیبات پر حملہ کریں گے تو قانون حرکت میں آئے گا۔

عطاتارڑ نے مزید کہاپی ٹی آئی چیئرمین نے 190ملین پاﺅنڈ سکینڈل میں گرفتاری سے بچنے کےلئے حساس تنصیبات پر حملہ کرایا، عمران خان کو اپنے کئے کی سزا ملے گی، 9مئی کے بعد پرانی ویڈیو لگاکر پروپیگنڈاکیاجا رہا ہے،9مئی سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رہے گا۔