”اب بات چیت کاماحول نہیں“حکومت نے عمران خان کی مذاکراتی پیشکش ٹھکرادی

لاہور،فیصل آباد(اپنے رپورٹر سے،بیورورپورٹ)”اب بات چیت کاماحول نہیں“حکومت نے عمران خان کی مذاکراتی پیشکش ٹھکرادی،وزیر ریلوے سعدرفیق نے سابق اراکین اسمبلی سلمان رفیق ، یاسین سوہل، میاں نصیر اور کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ جناح ہاﺅس،کور کمانڈر ہاﺅس کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاانتخابات کی تاریخ پر اختلاف لیکن معاملہ تقریباًطے کر لیا گیا تھا ، پی ٹی آئی کی ٹیم واپس گئی قیادت نے کہا مذاکرات بند کرو ،آپ غنڈہ گردی کریں ہم دبا لیں گے لیکن ناکام ہو جائیں تو کہیں آئیں مذاکرات کرتے ہیں ،آپ نے کمیٹی بنا دی وہ کس سے مذاکرات کرے گی ،کوئی مذاکرات نہیں کرےگا۔

وزیر ریلوے نے کہاعمران خان سیاسی جماعتوں کوچور،غدار کہنے کےساتھ مذاکرات کی بات کا مذاق اڑاتے تھے، میں بات چیت والا آدمی ہوں ، چیزیں جوڑنے کی بات کرتا ہوں لیکن بات چیت کا کوئی ماحول ہوتا ہے ،الیکشن آئین میں دی گئی مدت کے مطابق ہوں گے ،آئینی مدت سے ایک دن بھی آگے نہیں جائیں گے ،تحریک انصاف پرپابندی لگانے کاعلم نہیں،کوئی بےگناہ ہوگا تو قانون کی عدالت سے چھوٹ جائےگا۔

سعدرفیق نے کہاپی ٹی آئی کااقدام احتجاج نہیں حملہ،غداری ،دہشتگردی وتخریب کاری ہے،جناح ہاﺅس پر حملہ بہت دلخراش واقعہ ہے ،بابائے قوم کے تقدس کو برے طریقے سے پامال کیا گیا،آگ پٹرول، ماچس نہیں کیمیکل سے لگائی گئی جو 5گنا بڑے دشمن کو سینے پر روک کر کھڑے ہو ں ان کےلئے مظاہرین کو روکنا کوئی مسئلہ ہوگا؟، حملہ جس طرح منصوبہ بندی سے ڈیزائن کر کے کیا گیا اتنا سادہ نہیں ، جی ایچ کیو ،کور کمانڈر ہاﺅس پر دھاوا بولنا سیاست نہیں ،دہشتگردوں کا کام ہے ،آپ سیاسی غلاف پہن کر وہ کام کریں جو دہشتگرد کرتے ہیں اور آپ کو ایمنسٹی مل جائے آپ نے سیاسی پارٹی کا غلاف اوڑھا ہو اہے ، کوئی نیا قانون نہیں بنے گا پرانا قانون ہی ہے ، ملٹری ایکٹ اب نہیں بنا،1952میں بنا ۔

9مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، ظالموں نے سب کچھ جلا کر خاکستر کر دیا ، کوئی شرم نہیں کی گئی جو لوگ فوج کو ہدف بناتے ہیں اس سے بڑا بد قسمت ، بد بخت نہیں ہوسکتا،فوج کی تنصیبات وقار کی علامت ہیں،نوجوانوں کے دماغ کوزہرسے بھرناسب سے بڑاجرم ہے،پی ٹی آئی لیڈرشپ کوپوری قوم اورفوج سے معافی مانگنی چاہیے۔

ادھر فیصل آباد میں یوم تکبیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہاتم نے غیر ملکی اشارے پر فوج کو ٹارگٹ کیا اور مجھ سمیت ہر شخص کو دھمکی دی ،فتنے کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے،لیگی قیادت کیخلاف جھوٹے مقدمے بنائے مگر ڈٹے رہے، نیازی نے نوجوانوں میں نفرت کے بیج بوئے،تم کلبھوشن سے کم نہیں اب کہتا ہے مذاکرات کریں، اب کسی پی ٹی آئی ورکر کے گھر پر حملے کرانے کی سازش کررہا ہے تاکہ عوام کو جذباتی کیا جائے،بے شرم نے میرے خلاف سزاے موت کا کیس بنایا۔

رانا ثنانے کہا سانحہ 9مئی کے ذمہ دار ناک بھی رگڑ لیں،معافی نہیں ملے گی،پاک فوج کے شہدا نے ہمارے کل کیلئے اپنا آ ج قربان کردیا، پوری قوم شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلی ،نواز شریف نے 28مئی کے دن ملک کو ناقابل تسخیر بنایا۔