پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد بچے تھیلیسیمیا کا شکار ہیں: ڈاکٹر جاوید اکرم
لاہور( ہیلتھ رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمید فاونڈیشن جوہر ٹاون کی جانب سے عالمی تھیلیسیمیا ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحانہ بشیر، شفیع اللہ، ڈاکٹر حامد اسلام، اظہار، فاطمید فاونڈیشن کے عہدیداران سمیت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ فاطمید فاونڈیشن سے پرانا تعلق ہے۔ اللہ پاک خدمت انسانیت کرنے والے شخص کو بہت پسند فرماتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ اللہ پاک انسان کو دولت دے کر بھی آزماتے ہیں اور بیماری دے کر بھی۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پاکستان میں ہر سال 5 ہزار بچے تھیلیسیمیا بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔ اس وقت ایک کروڑ سے زائد بچے تھیلیسیمیا بیماری کا شکار ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب میں مربوط تھیلیسیمیا سکریننگ پروگرام شروع کر رہے ہیں۔چلڈرن ہسپتال لاہور میں پہلے سے ہی بون میرو ٹرانسپلانٹ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھرکے تعلیمی اداروں میں دسویں جماعت سے پہلے ہر طالب علم کی تھیلیسیمیا سکریننگ کروانا چاہتے ہیں۔پنجاب میں تھیلیسیمیا سکریننگ کا جلد پائلٹ پروجیکٹ شروع کریں گے۔ ڈاکٹرجاویداکرم نے کہاکہ محکمہ صحت فاطمید فاونڈیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔فاطمید فاونڈیشن میں تھیلیسیمیا کاشکار بچوں کامفت بون میرو ٹرانسپلانٹ کروائیں گے۔ بطور سربراہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن ''آپکا کلینک'' پر مفت علاج کی آفر دے رہا ہوں۔ صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ آپ کا کلینک پر مریضوں کو علاج، ادویات اور ٹیسٹوں کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی تھیلیسیمیا سمیت دیگر بیماریوں کی سکریننگ بھی کریں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر فاطمید فاونڈیشن کی کاوش کو بے حدسراہا۔



















