سرکاری سکولوں کے طلبہ کو تین ماہ دورانیہ کے مختلف کورسز مفت کرانے کا فیصلہ
لاہور (کامرس رپورٹر) محکمہ صنعت وتجارت اورٹیوٹا پنجاب کے زیراہتمام موسم گرما کی چھٹیو ں میں سرکاری سکولوں کے طلباءوطالبات کو فنی تربیت سے آراستہ کرنے کیلئے تین ماہ دورانیہ کے مختلف کورسز کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے جن کیلئے طلباءوطالبات سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائےگی۔یہ کورسز محکمہ انڈسٹریز، ہائیر ایجوکیشن اور سکول ایجوکیشن کے اشتراک سے گوجرانوالہ، لاہور، ملتان ، راولپنڈی ، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں انعقاد پذیر ہونگے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے جن کورسز کا آغاز کیا جارہا ہے ان میں گھریلو الیکٹریشن، پلمبر،ہیٹنگ وینٹی لیشن ،ائر کنڈیشننگ اور ریفریجریشن، ٹیلرنگ، کمپیوٹر ایپلی کیشنز، کوکنگ‘ بیوٹیشن، سیفٹی انسپکٹر،باغبانی، کچن گارڈننگ، کشیدہ کاری، آف سیٹ پرنٹنگ، ہوم اپلائنسز اور سی این سی مشین آپریٹر کے کورس شامل ہیں۔ محدود سیٹوں پر مشتمل ان کورسز میں داخلہ کیلئے آخری تاریخ25 مئی مقرر کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے ٹیوٹا کے زیراہتمام مفت کرائے جانے والے مختصر دورانیہ کے ان کورسز سے نہ صرف طلباءوطالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے بعد روزگار کے حصول میں آسانیاں میسر آئینگی بلکہ بیروزگاری کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
















