ہسپتالوں کا فضلہ تلف کرنے کیلئے ڈیش بورڈ ڈیزائن کیاجائےگا :ڈاکٹر احمد جاوید قاضی
لاہور (ہیلتھ رپورٹر)سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی کی زیرصدارت اپنے دفترمیں اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں سپیشل سیکرٹری سیدواجدعلی شاہ،سی ای اوپنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ڈاکٹرثاقب عزیز،ایڈیشنل سیکرٹری آغانبیل،ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹرعائشہ ودیگرافسران نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے اجلاس کے دوران ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کے حوالہ سے اقدامات کاجائزہ لیا۔متعلقہ افسران نے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹراحمدجاویدقاضی کو اس حوالے سے بریفنگ دی۔صوبائی سیکرٹری صحت ڈاکٹراحمدجاویدقاضی نے کہاکہ پنجاب کے ہسپتالوں کے فضلہ کو تلف کرنے کے حوالہ سے ڈیش بورڈ ڈیزائن کیاجائے گا۔محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ہسپتالوں کے فضلہ کو تلف کرنے کے حوالہ سے محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرکے ساتھ کوارڈی نیشن میں ہے۔ہسپتالوں کے فضلہ کی تلفی کیلئے تمام ایس اوپیز پرعملدرآمد کیا جائےگا۔ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہاکہ ہسپتالوں کے فضلہ کی تلفی کے حوالے سے ڈیزائن کئے جانے والے ڈیش بورڈ تک صحت کے دونوں محکمہ جات کے فوکل پرسنزکی رسائی ہوگی۔صوبائی سیکرٹری صحت نے پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن کو اس حوالہ سے نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی ۔



















