لاہور: (اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر،کرائم رپورٹر،کو رٹ رپورٹر)سموگ کا روگ،لاہور میں رہنا دوبھر،شہر آلودگی کے اعتبار سے بدستور پہلے نمبر پر براجمان رہا،سموگ کی اوسط شرح 822ریکارڈ کی گئی تاہم ڈی ایچ اے فیز 8 کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1254 تک جاپہنچا ۔
محکمہ ماحولیات نے کہاآئندہ آنے والے ایام میں سموگ کی شرح میں مزید اضافے کا امکان ہے، بڑھتی سموگ کے باعث شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ادھر24گھنٹوں میں لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاﺅن کے دوران 19مقدمات درج اور 7 افراد گرفتار کر لئے گئے،ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 382افراد کو 7لاکھ 55ہزار روپے کے جرمانے عائد ،28افراد کو وارننگ جاری کی گئیں۔
دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے گرین لاک ڈاﺅن کے علاقوں میں دھواں چھوڑنے والے کمرشل جنریٹرز چلانے پر پابندی عائد کردی،جسٹس شاہد کریم نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا،فیصلے میں کہا گیاکمرشل جنریٹرز میں آلودگی کو کنٹرول کرنے والا آلہ آئندہ 7روز میں نصب کیا جائے، آلہ نصب نہ کرنے والے جنریٹرز کو سیل کیا جائے۔
سموگ کا روگ،لاہور میں رہنا دوبھر،دھواں چھوڑنے والے کمرشل جنریٹرز چلانا ممنوع
















