”آپکا کلینک“ پر ڈینٹل سیکشن کا آغاز بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا: ڈاکٹر جاوید اکرم

لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے جسٹس (ر) اکرم روڈ پر واقع ”آپکا کلینک“ پر نئے ڈینٹل سیکشن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ڈی مونٹیمورنسی ڈینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر وحید الحمید، ڈاکٹر شہلا جاوید و دیگر ڈاکٹرز موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے ڈینٹل سیکشن میں مریضوں کے علاج کو مانیٹر بھی کیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ”آپکاکلینک“ پر نئے ڈینٹل سیکشن کھولنے کا بنیادی مقصد غریبوں کو علاج کی مفت سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ”آپکا کلینک“ پر دانتوں کے سینئر کنسلٹنٹس مریضوں کا مفت علاج کریں گے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ”آپکا کلینک“ پر ڈینٹل سیکشن کا آغاز بارش کا پہلاقطرہ ثابت ہوگا۔ نگران ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی کا سروسز ہسپتال میں بہترین علاج جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے استدعا ہے کہ احتجاج ضرور کریں لیکن پرتشدد نہ کریں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے مزید کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچا کر ہم اپنا ہی نقصان کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے تمام ہسپتالوں میں زخمیوں کو بہترطبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور احتجاج کرنےوالے تمام لوگوں سے پرامن رہنے کی اپیل بھی کی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر وحید الحمید نے کہا کہ ”آپکا کلینک“ پر مریضوں کو دانتوں کے علاج کی بین الاقوامی سہولیات فراہم کریں گے۔ سینئر کنسلٹنٹس کا ڈیوٹی روسٹرم بنا دیا گیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر وحید الحمید نے کہا کہ نیکی کا موقع فراہم کرنے کیلئے نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے شکرگزار ہیں۔