فلسطین کی اقتصادی ترقی سست روی کا شکار رہے گی:عالمی بینک
نیویارک (مشرق نیوز) عالمی بینک نے کہاہے کہ 2022 میں کووِڈ کے بعد فلسطینی معیشت کی شرح نمو چار فی صد رہی تھی اور2023 میں فلسطینی معیشت میں قریبا تین فی صد اضافے کی توقع ہے،کیونکہ اسرائیل کے ساتھ کشیدگی اوریوکرین میں جنگ کے سنگین منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق عالمی بینک نے کہا کہ وہ اس ہفتے برسلزمیں فلسطینیوں کے لیے ترقیاتی امداد کے حوالے سے پالیسی اجلاس میں اپنا نقطہ نظر پیش کرے گا۔فلسطینی معیشت غیرملکی امداد پر منحصر ہے اور اسرائیل کے تعزیری اقدامات کے نتیجے میں بری طرح متاثرہوتی ہے،جس نے سکیورٹی خدشات کاحوالہ دیتے ہوئے مقبوضہ مغربی کنارے میں سفری پابندیاں عاید کررکھی ہیں۔حماس کے زیراقتدارغریب زدہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے علاقے میں زیادہ مضبوط معیشت کے درمیان بھی دراڑ ہے۔غرب اردن میں مغرب کی حمایت یافتہ فلسطینی اتھارٹی کی محدود خودمختاری کے ساتھ حکومت ہے۔عالمی بینک نے کہا کہ اگران حرکیات میں کوئی تبدیلی نہیں آتی اورغیرملکی امداد مستحکم رہتی ہے تو اسے 2023 اوراس کے بعد آنے والے برسوں میں قریبا تین فی صد ترقی کی توقع ہے۔



















