اسلام آباد ( ) حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان ملک بھر میں ایک دن الیکشن کرانے پر اتفاق ہوگیا تاہم اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہ ہوسکا۔
مذاکرات کا تیسرا دور پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم میں ہوا۔
حکومتی وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، سعد رفیق، کشور زہرہ، طارق بشیر چیمہ ، اعظم نذیر تارڑ، سید نوید قمر جبکہ پی ٹی آئی کے وفد میں شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور سینیٹر علی ظفر شامل تھے۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا ملک میں ایک دن الیکشن ہونے پر اتفاق ہونا بڑی کامیابی ہے ، امید ہے دونوں فریق خلوص کے ساتھ چلیں گی تو تیسرا مرحلہ بھی طے ہوجائے گا، الیکشن کی تاریخ پر دونوں فریقین کے اپنے اپنے مؤقف ہیں، الیکشن کی تاریخ پر ابھی اتفاق رائے نہیں ہوا جو بھی الیکشن جیتے گا نتائج تسلیم کیے جائیں گے۔
اتفاق ہوچکا الیکشن ایک ہی دن ہونے میں بہتری ہے، نگران حکومت کی موجودگی میں ملک میں الیکشن ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا سیاسی جماعتوں کو باور کرنا چاہیے کسی ایک نکتہ پر متفق ہوجائیں جو ملک اور عوام کے مفاد میں ہو اور آئین سے مطابقت رکھتا ہو، 90 دن کے بعد ہونیوالے انتخابات کو آئینی تحفظ دینے کیلئے قومی اسمبلی میں بیٹھنے کو تیار ہیں، تحریک انصاف آئین میں ایک بار ترمیم کیلئے قومی اسمبلی میں جانے کو تیار ہے۔
مذاکراتی عمل کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہیں کرنا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین کے مطابق ہے عمل درآمد کریں، اس بات پر بھی اتفاق ہوا اگر کسی نقطے پر پہنچیں تو عمل درآمد کا روڈ میپ بھی طے کریں۔
حکومتی اتحاد اور تحریک انصاف میں ایک دن الیکشن کرانے پر اتفاق



















