لاہور(اپنے نمائندے سے)سربراہ ق لیگ وسابق وزیراعظم چودھری شجاعت نے کہاہے پرویزالٰہی کے معاملے پر اپنایا گیا طریقہ کار قبول نہیں،ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہاپولیس پرویزالٰہی کے گھرگئی تو بتایاگیا شجاعت کے گھر ہیں، پولیس والے پرویزالٰہی کے گھر کو چھوڑ کر میرے گھر کی طرف دوڑ پڑے، دونوں بیٹے دروازے کی دوسری طرف موجود تھے،پولیس والے آگے بڑھ رہے تھے تو دونوں بیٹوں نے روکا۔
پولیس نے دروازے توڑنے کی کوشش کی، دروازے کے شیشے تو ٹوٹ گئے مگر دروازہ نہ ٹوٹ سکا، دونوں بیٹے زخمی ہو گئے، چودھری سالک کے ہاتھ پر ٹانکے بھی لگے،2 گھنٹے کوشش کے بعد پولیس دروازے سے واپس چلی گئی، پولیس سے سوال کیاگیاکس کیس میں سب کچھ کیا جارہا ہے تو پولیس نے بتایا سڑکوں کے ٹھیکوں میں کمیشن کا الزام ہے، انٹرنیشنل فرم سے کمیشن کے طور پر اربوں وصول کرنے کا الزام ہے، پولیس نے کہا اورتفصیلات پاس نہیں ۔
میرا یابیٹوں کا کسی معاملے سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، اپنایا گیا طریقہ کار قبول نہیں،بکتر بند سے گیٹ توڑنے کی سختی سے مذمت کرتا ہوں،حکام بالا ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں،چودھری شجاعت نے مزید کہاایسی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ملکی سطح پر معاملات مزید خراب ہوں، پاکستان بہت پریشانیوں میں گھرا ہے، کچھ لوگ واقعات کو غلط رنگ دےکر ملک میں عجیب کیفیت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
پرویزالٰہی کے معاملے پر اپنایا گیا طریقہ کار قبول نہیں،شجاعت



















