ساہیوال (بیورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ہسپتالوں سے اکٹھے ہونے والی استعمال شدہ سرنجوں اور دوسرے کوڑے کو تلف کرنے بارے احکامات جاری کر دئیے، ہسپتال کے کوڑے کو قوانین کے مطابق تلف کیا جائے۔ ہسپتال ویسٹ سے انسانی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال اکرام الحق، ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر مشاق احمد سپرا، صدر پی ایم اے ساہیوال ڈاکٹر سرفراز احمد اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
انہوں نے ہسپتالوں کے پیرامیڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور صحت مراکز کے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو ہسپتال ویسٹ سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی آگاہ کریں تاکہ ان کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔ اس سے پہلے اپنے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں انہوں نے بیرون لاری اڈہ کی بہتری کے لئے منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے اڈے پر عمومی صفائی، ویٹنگ ایریا بہتر کرنے، پینے کے ٹھنڈے پانی کی دستیابی اور لائٹنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ مسافروں کو بے جا پریشانی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کوئی بس اور ویگن سڑک پر کھڑی نہ ہو بلکہ اڈے کے اندر پارک کی جائے۔ انہوں نے اڈے کے اندر بنی دوکانوں کے کرائے کا ازسر نو تعین کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ساہیوال سے گزرنے والی بسوں اور ویگنوں کا ٹریفک کاونٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ہسپتال ویسٹ سے انسانی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنے دیا جائےگا،کمشنر ساہیوال



















