گندم سمگلنگ کیخلاف آپریشن جاری: کمشنر ساہیوال کا پلاسٹک شاپرز کیخلاف آگہی مہم شروع کرنے کا اعلان
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں گندم سمگلنگ کرنےوالوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور گندم سمگلنگ کرنےوالوں کےخلاف کریک ڈان میں اب تک ہزاروں من گندم برآمد کی گئی ہے۔ تینوں اضلاع کی انتظامیہ گندم کی ناجائز ذخیرہ اندوزی اور بین الاضلاع سمگلنگ کو ناکام بنانے کےلئے دن رات متحرک ہے اور فعال انداز میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ تمام شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹس پر مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور ان چیک پوسٹوں کی بدولت سمگل کی جانے والی گندم قبضے میں لے کر سرکاری گندم خریداری مراکز پر منتقل کی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز اس سلسلہ میں کاروائی کے دوران پرائیویٹ باردانہ میں بھری گئی گندم کے 180بیگز قبضے میں لے کر ایف سی 150/9Lمنتقل کر دی گئی۔ اسی طرح دوسری کاروائی کے دوران رینالہ خورد میں ایک پرائیویٹ گودام سے ذخیرہ کی گئی گندم کے1800بیگز برآمد کر لئے گئے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے شہر میں بورڈ آف ریونیو کی زیر تکمیل ترقیاتی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور محکمہ بلڈنگ کو ہدایت کی کہ موجودہ مالی سال کےلئے مختص فنڈز ایمانداری سے خرچ کئے جائیں تاکہ معیاری تعمیر کو یقینی بنایا جا سکے۔ وہ اپنے دفتر میں ان سکیموں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ قیوم قدرت، ڈپٹی ڈائریکٹر عمران خان اور محکمہ بلڈنگ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 37کروڑ40لاکھ روپے کی لاگت سے 6سکیموں پر کام جاری ہے، 10کروڑ روپے کی لاگت سے افسران کی10رہائش گاہیں زیر تعمیر ہیں جن میں سے 6 اسی سال جون تک مکمل کر لی جائیں گی جبکہ5کروڑ روپے کی لاگت سے سرکٹ ہاس کی تعمیر و مرمت، 3کروڑ90لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل کمپلیکس کی تعمیر و مرمت اور50لاکھ روپے سے شہر کے نئے پٹوار خانے کی تعمیر بھی اسی سال جون تک مکمل کر لی جائے گی تاہم کمشنر آفس میں نئے بلاک کی تعمیر اور ڈپٹی کمشنر آفس کی مرمت کا کام اگلے سال بھی جاری رہےگا۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے شہر کو پلاسٹک شاپرز سے پاک کرنے کےلئے عوامی آگہی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ شہر میں صفائی کی خرابی کی بڑی وجہ پلاسٹک شاپر ہیں جن کی تلفی شہریوں کی مدد کے بغیر ممکن نہیں، کمشنر ساہیوال۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پلاسٹک شاپرز کے ماحول پر برے اثرات بارے آگاہ کیا جائے اور اس مہم میں طلبہ وطالبات، اساتذہ، آئمہ مساجد اور تاجروں کو بھی شامل کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں کوڑا جمع کرنے والی ڈسٹ بن رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں کوڑے کو آگ لگانے کے واقعات پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا اور اس عمل کو فوری روکنے کی ہدایت کی۔



















