نگران وزرائے اعلیٰ،وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کیلئے درخواستیں دائر

اسلام آباد(بیورورپورٹ)نگران وزرائے اعلیٰ،وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کیلئے درخواستیں دائر،اسمبلیوں کی بحالی کیلئے بھی سپریم کورٹ سے رجوع،تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے نگراں حکومتوں کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاآئین کے مطابق 90 دن میں الیکشن آئینی تقاضا ہے، آئین نگراں حکومتوں کی معیاد میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا،نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور نگراں وزیر اعلیٰ پختونخوا کو فوری عہدے چھوڑنے کا حکم دیا جائے،دونوں صوبے کے امور روزانہ کی بنیاد پر عدالت عظمیٰ کی نگرانی میں چلائے جائیں۔

ادھر وزیراعظم شہبازشریف ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدوں سے ہٹانے کےلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی،ظہور مہدی فیصل نامی شہری کی جانب سے وفاق، شہباز شریف، سکندر سلطان راجہ، صدر عارف علوی اور فضل الرحمن کو فریق بنایا گیا ،درخواست میں کہا گیاوزیراعظم شہباز شریف الیکشن فنڈز کا بل مسترد ہونے سے قومی اسمبلی کا اعتماد کھو بیٹھے ، سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کےلئے فنڈز و سکیورٹی کا تقاضہ غیر مناسب ہے،قرار دیا جائے شہبازشریف اور چیف الیکشن کمشنر انتخابات کے معاملے پر پارٹی بن چکے ، سپریم کورٹ نگران وزیر اعظم اور نگران چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا حکم دے، عدالت 21 ارب جاری کرنے، فوج اور رینجرز کے بغیر الیکشن کرانے کا بھی حکم دے۔

علاوہ ازیں پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا پنجاب ،خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل غیرآئینی و غیرقانونی ہے، دونوں اسمبلیاں وزرائے اعلیٰ کے صوابدیدی اختیار پر تحلیل نہیں ہوئیں،عمران خان نے اعتراف کیا دونوں اسمبلیاں جنرل (ر)باجوہ کے کہنے پر توڑیں ،سپریم کورٹ پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلیوں کو بحال کرنے کا حکم دے۔