لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے ملک کی سیاسی صورتحال کو ہموار کرنے کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کرانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک صوبے میں قبل از وقت انتخابات کے نتائج دوسرے صوبوں کے انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے ، ملک کے اس اعلیٰ ادارہ حقوق کو سلب نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس کا مقصد قانون سازی کرنا ہے یہ قانون سازی نہیں کرےگا تو کیا کرےگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اپنی آئینی حدوں کے اندر رہ کر اپنا کام کر رہی اسے اس آئین کے تحت حاصل اختیار سے نہیں روکا جا سکتا، ملک احمد خان نے رافعہ طارق کی آڈیو لیک کا ذکر کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا کہ ججوں کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ ججوں کو قانون کی حکمرانی کا پرجوش حامی ہونا چاہیے۔ ایک سوال پر لیگی رہنما نے کہا کہ ہماری جماعت عوامی جماعت ہے الیکشن سے بھاگنے والے نہیں ہیں ہمیشہ الیکشن لڑ کر ہی منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئے ہیں کسی ایک صوبہ میں الیکشن پہلے ہوں اور بعد میں قومی اسمبلی کے انتخابات منعقد ہوئے تو اس سے انارکی پھیلے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا کہ ایک ادارے کی جانب سے لاڈلے کےلئے جانبداری واضح ہے۔ نظام عدل میں مزید بگاڑ نہ پیدا کیا جائے، وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے رافعہ طارق اور ماہ جبین نون کی مبینہ آڈیو کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کرنے والے ادارے میں بیٹھے فیصلہ کرنے والوں نے کیا آرٹیکل تین کو نہیں پڑھا آرٹیکل چار کہتا ہے کسی جج کا ذاتی مفاد ہو یا رشتہ داروں کا تعلق ہوتو کیس نہیں سن سکتا،سپریم کورٹ کے موجودہ ججوں کی بنچ پر بیٹھنے کی کھلی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، ملک احمد خان نے کہا کہ خواتین کا طبقہ جو عمران خان کے گرد بیٹھا ہے وہ فیصلے نظر آ رہے ہیں، کورٹ آف لاءمیں آڈیو والا معاملہ نہیں لا رہا جس کی آڈیو ہے وہ بتائے تو تصدیق کرسکتے ہیں، دو خواتین کی گفتگو کے بعد نظام عدل پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے۔ ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ انتخابات ایک ہی روز اور نگران حکومت کی نگرانی میں ہوں گے، مجبور کرکے عوام کے سامنے آیا ہوں، ججز کا ضابطہ اخلاق 209 کے ذریعے بناہے، سائفر انکوائری میں عمران خان، اعظم خان و چار لوگوں کو طلب کیا تو جسٹس اسجد نے سٹے دیدیا ہے، کیسز کچھ دامادوں اور کچھ سسرالیوں کے گرد گھوم رہے ہیں، ملک احمد خان نے کہا کہ پارلیمنٹ کو اختیار اور آئین کے آرٹیکل 81-84 میں کہا جاتا ہے کوئی ایسے اخراجات جو بجٹ پر منظوری نہ ہو تو پارلیمنٹ ووٹ دے لیگی رہنما نے کہا کہ اگر آج انتخابات کرواتے ہیں تو باقی اسمبلیوں کے انتخابات پر پنجاب اثر انداز ہو گا،فاروق ایچ نائیک اور دیگر وکلا کو سپریم کورٹ میں بات کرنے کی اجازت نہ دی گئی ملک احمد خان نے کہا کہ جو کچھ نواز شریف اور ن لیگ کے ساتھ ظلم و ستم ہوا اس پر اس لئے خاموش ہیں کہ مکافات عمل ضرور سامنے آتا ہے اور پارلیمنٹ کے آگے ایگزیکٹو اور عدلیہ جواب دہ ہے،ملک احمد خان نے کہا کہ جسٹس فائز عیسی کو دیکھنے کا ایک الگ پیمانہ تھا آرٹیکل دس کو سپریم جوڈیشل کونسل میں جانے سے پہلے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جو افسوسناک ہے۔
پارلیمنٹ سپریم، ملک کے اعلیٰ ترین ادارے کے حقوق سلب نہیں ہوسکتے :ملک احمد خان



















