پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں،آرمی چیف کے الفاظ بہت اہم ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے پارلیمنٹ جمہوریت کی ماں ہے جو سلسلہ سپریم کورٹ میں چل رہا ہے اس کے بیک گراونڈ کو دیکھا جائے،دہشتگردی کیخلاف کوئی نیا آپریشن شروع نہیں کیاجارہا،قومی اسمبلی میں خطاب اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاپارلیمنٹ کا سیاست میں کردار کم ہے اور سپریم کورٹ سیاسی کردار ادا کر رہا ہے،پارلیمنٹ کی حدود میں کسی کو مداخلت نہیں کرنے دیں گے۔

آئین کے اندر اداروں کی متعین کردہ حدود کا احترام ہونا چاہیے،آرمی چیف کے پارلیمنٹ کی بالادستی کے الفاظ خوش آئند ہیں، آرمی چیف کے الفاظ آئین اور پارلیمنٹ کےلئے بہت اہم ہیں، اداروں کو افراد چلاتے ہیں، عدلیہ کی مضبوطی چاہتے ہیں، عدلیہ مضبوط ہوگی تو عوام کو انصاف کی فراہمی میں آسانی ہوگی،دہشتگردی کےخلاف کوئی نیا آپریشن شروع نہیں کیا جا رہا،قومی اسمبلی اجلاس میں آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم او نے بریفنگ دی، بریفنگ بہت متاثر کن تھی جو پہلے نہیں دیکھی۔

پارلیمنٹ کو بہت تقویت ملی، دہشتگردی کےخلاف آپریشن جاری ہیں اور جاری رہیں گے، اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عملدرآمد کرنے پر بات ہوئی،خواجہ آصف نے مزید کہا 417 ارب خیبر پختونخوا کو بطور فرنٹ لائن صوبہ دئیے گئے، دہشتگردی سے نمٹنے کا کوئی انتظام نظر نہیں آتا، حالات خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کوئی حساب نہ لے سکے۔

اجلاس میںمعاشی حالات کنٹرول کرنے کی ضرورت پر بات کی گئی،گرینڈ مذاکرات پر پیشگوئی ابھی نہیں کرسکتا، سیاستدان تو آپس میں مذاکرات کرتے رہیں گے، صرف سیاستدان کے جھگڑوں کا سوال نہیں بلکہ اداروں کے درمیان بھی جھگڑوں کا سوال ہے، ادارہ جاتی جنگ کو ختم کیا جانا چاہیے،امید ہے ملک میں جاری افراتفری ختم ہوگی اور اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔