الیکشن کمیشن کامزید اختیار کیلئے سپیکر،چیئرمین سینٹ کو خط

اسلام آباد(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے انتخابی تاریخ اورپولنگ دن آگے بڑھانے کااختیار مانگ لیا،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو خط لکھ کر الیکشن ایکٹ کی سیکشن 57 ایک اور 58 میں ترمیم کی تجویز دےدی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا موجودہ حالات میں ترامیم ضروری ہیں، پنجاب ،خیبرپختونخوا میں انتخابات پر تنازع سامنے آیا، عدالت کے یکم مارچ اور 4 اپریل کے فیصلوں سے تنازعات نے جنم لیا،شفاف و غیر جانبدار انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، اسمبلی تحلیل کی صورت میں آئین کے تحت صدر کا الیکشن تاریخ دینے کا کوئی اختیار نہیں۔

مجوزہ ترمیم کے تحت عام انتخابات کیلئے الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا،الیکشن شیڈول دینا اور ترمیم کرنا الیکشن کمیشن کا اختیار ہوگا، چیف الیکشن کمشنر نے کہا سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ اپنا کردار ادا کریں۔

خط میں مزید کہا گیا آئین الیکشن کمیشن کو توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی کا اختیار دیتا ہے، الیکشن کمیشن کی توہین کارروائی پر بھی بار بارحکم امتناع دیا گیا کیا ایسی صورتحال میں الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کی ذمہ داری پوری کرسکتا ہے۔