لاہور (کرائم رپورٹر) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لائسنسنگ طریقہ کار میں مزید آسانیاں، اب ملک کے کسی بھی کونے سے تعلق رکھنے والے شہری لاہور سے ڈرائیونگ لائسنس بنواسکیں گے ۔ سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے بتایا کہ دیگر اضلاع اور صوبوں کے لاکھوں شناختی ہولڈرز لاہور سے لائسنس کی سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں گے ،دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے (فارنرز)بھی لاہور سے لائسنس حاصل کرسکیں گے ۔اس سے پہلے صرف لاہور کے شناختی ہولڈرز کو، لاہور سے لائسنس بنوانے کی سہولت میسر تھی، لرنر پرمٹ کےلئے شہری شناختی کارڈ اور ایک نقول کے ہمراہ کسی بھی لائسنس سینٹر پر تشریف لائیں، لرنر پرمٹ کے 42یوم کے بعد مستقل لائسنس کے حصول کےلئے سائن و روڈ ٹیسٹ لیا جائےگا، شہریوں کی سہولت اور آسانی کےلئے لبرٹی مارکیٹ اور مناواں سینٹر کو 24/7 کیا جاچکا ہے، ارفعہ کریم ٹیسٹنگ سینٹر، گریٹر اقبال، ڈیفنس سینٹر اور بحریہ ٹان صبح 08بجے سے رات 12بجے تک لائسنس سروسز فراہم کررہے ہیں، شہر میں 3 موبائل وینز، 23لائسنس سینٹرز اور 06ٹیسٹنگ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں، میرٹ اور عزت دارانہ طریقے سے لائسنس فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ کا عوام دوست اقدام، تمام شہری اب لاہور سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے



















