پاکستان کی ترقی نوجوان نسل کو فنی تعلیم دینے سے منسلک ہے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی نوجوان نسل کو فنی تعلیم دینے سے منسلک ہے اور اس اہم قومی ذمہ داری میں ٹیوٹا کا اہم کردار ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے ہر شہر اور قصبے میں فنی تعلیم کے ادارے قائم کئے جائیں تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر خود روزگار فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ٹیوٹا کے فنی اداروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا احمد خاور شہزاد، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، اے ڈی سی فنانس یاسر فرید، سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل اصغر علی، ایکسئین ایریگیشن سرفراز ملک اور ٹیوٹا کے افسران نے شرکت کی۔ سی او او ٹیوٹا احمد خاور شہزاد نے بتایا کہ پاک پتن میں 7کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کی نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے جس کا78فی صد کام مکمل ہو چکا ہے۔ 31کنال11مرلے پر محیط اس کالج کے قیام سے ضلع پاک پتن کے نوجوانوں کو فنی تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی سکیم کے تحت چیچہ وطنی میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی کے طور پر اپ گریڈ کرنے کا نیا منصوبہ ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت 58کنال رقبے پر مشتمل جگہ پر 21کروڑ96لاکھ روپے سے نئی عمارت کی تعمیر کی جائے گی۔ احمد خاور شہزاد نے مزید بتایا کہ ٹیوٹا پورے صوبے میں 2ارب روپے کی خطیر رقم سے مختلف شعبوں میں 17سنٹرآف ایکسیلینس قائم کر رہی ہے جس میں سے فوڈ ٹیکنالوجی کا سنٹر ساہیوال میں قائم کیا جائے گا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ان سنٹرز کے قیام پر سی او او احمد خاور شہزاد کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے نوجوانوں کو جدید تربیت کے مواقع فراہم ہونگے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا احمد خاور شہزاد نے مزید بتایا کہ صوبے کی مختلف جیلوں میں بھی قیدیوں کی تربیت کے لئے ادارے قائم کئے گئے ہیں جہاں قیدیوں کو مختلف ٹریڈز میں عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے ٹیوٹا کے ماتحت تمام اداروں میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا اور ٹیوٹا افسران کو یقین دہائی کروائی کہ واپڈا، ٹی ایم اے یا کسی ادارے سے متعلق ان کی شکایات کو فوری حل کیا جائےگا۔