اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے چیف جسٹس عمر عطا بندیال ملک کو انارکی کی طرف نہ دھکیلیں۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا پہلے 9 رکنی بنچ کم ہوکر 7 رکنی ہوا پھر 5 کا ہوا پھر 4 اور آج ایک اور جج نے خود کو الگ کرلیا، جو جج صاحب الگ ہوٸے وہ بڑے سینٸر ہیں اختلافی نوٹ بڑا افسوس ناک ہے۔
انہوں نے کہا قومی سانحے سے کم نہیں یہ بات بارز کیلٸے بھی المیہ ہے۔
رانا ثنا نے کہا قاضی فاٸز عیسی کا فیصلہ عدالت کا فیصلہ ہے، میں نے آج تک نہیں سنا سپریم کورٹ کے فیصلے کو ایک سرکلر سے ختم کر دیا جاٸے، سپریم کورٹ کے بنچ کے مقابلے میں رجسٹرار کی کوٸی اہمیت نہیں ، قاضی فائز والے بنچ کا فیصلہ اس وقت تک چلے گا جب تک چیلنج نہیں ہوتا، فیصلے کو سرکلر سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔
فرد واحد عمران خان نے معاشی و ملکی بحران پیدا کرادیا اگر قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس نہ دائر کیا جاتا تو بحرانی کیفیت جنم نہ لیتی۔
رانا ثنا نے زور دیا ججز سے گزارش ہے انصاف ہوتا نظر آنا چاہیے، معاملے میں فل بنچ نہ بنا تو انصاف ہوتا نظر نہیں آئے گا اور ملک افراتفری و انتشار کا شکار ہوجائے گا، چیف جسٹس قوم کو انارکی کی طرف نہ دھکیلیں، یا تو فل بنچ بنائیں تاکہ تمام فریقین کےلیے قابل قبول حل نکلے، ایسا نہ ہوا تو خدشہ ہے پھر وہ فیصلہ قابل عمل نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا اسمبلیاں توڑنے کا طریقہ کار غلط تھا، سیاست میں فیصلے یکطرفہ نہیں ہوتے، سیاست میں مل بیٹھ کر فیصلے ہونے چاہییں۔
چیف جسٹس ملک کو انارکی کی طرف نہ دھکیلیں، رانا ثنا



















