قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی کے اقدامات سے پاکستانی کمیونٹی تقسیم

نیویارک(خواجہ فاروق)قونصل جنرل نیویارک عائشہ علی کے اقدامات سے پاکستانی کمیونٹی تقسیم،چیئرمین اوورسیز پاکستانی گلوبل فاﺅنڈیشن اختراظہر احمد مہر نے خط لکھ کر کمیونٹی کے تحفظات سے آگاہ کردیا،چیئرمین اوورسیز پاکستانی گلوبل فاﺅنڈیشن اختراظہر احمد مہر نے خط میں موقف اختیار کیا گزشتہ کچھ عرصے سے مشاہدے میں آیا ہے جب بھی وزیر خارجہ نیویارک تشریف لاتے ہیں سیاسی سرگرمیوں کو سیاسی جماعت کے ہمنواوں تک محدود کر دیا جاتا ہے۔

،اقدام سے نیویارک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات میں اضافہ ہونے کےساتھ کمیونٹی گروپوں میں تقسیم ہو رہی ہے جس کا پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے،بطور قونصل جنرل نیویارک آپ کی ذمہ داری میں شامل پاکستانی کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی بجائے متحد کریں لیکن آپ اپنی ذمہ داریوں کو بااحسن نبھانے میں مکمل ناکام ہیں،میرافرض بنتا ہے پاکستانی کمیونٹی کے تحفظات آپ تک پہنچاﺅں اور وزارت خارجہ ،وزارت اورسیز کو مطلع کروں۔

خط میں مزید کہا گیاقونصلیٹ میں ہونےوالے تمام پروگرام حکومت پاکستان کی طے شدہ پالیسی کے مطابق ہوتے ہیں لیکن بطور قونصل جنرل آپ بجائے کمیونٹی کو متحد کرنے کے اپنی پسند اور ناپسند کو ترجیح دے رہی ہیں جس سے کمیونٹی میں تحفظات بڑھ رہے ہیں،نقصان نہ صرف کمیونٹی کے اتحاد بلکہ قونصلیٹ کی ساکھ کو بھی ہو رہا ہے، امید ہے آپ نیویارک میں سیاسی جماعت کی قونصل جنرل بننے کی بجائے پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں ۔