درخت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہیں : کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ درخت ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کا اہم ذریعہ ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں درختوں کی شدید قلت ہے جس کی بدولت ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کےلئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم بہار کا آغاز ہو چکا ہے اس لئے ہر فرد موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور کثیر تعداد میں پودے لگائے تاکہ پودے سایہ دار درخت بن کر ہماری آنے والی نسلوں کے کام آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فریدیہ پارک میں سٹرس گارڈن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹرشاہزیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ درخت لگانا سنت نبوی اور صدقہ جاریہ ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچا¶ کیلئے ضروری ہے کہ بھر پور شجر کاری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام طبقات کے افراد شجرکاری مہم کے تحت کثیر تعداد میں پودے لگانے کیلئے جستجو کریں اور ہر فرد کم ازکم ایک پودا ضرور لگائے۔بعدازاں کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں ڈویژن بھر کے تعلیمی اداروں کے سربراہان سے ملاقات کی۔انہوں نے تمام سربراہان پر زور دیا کہ اپنے اپنے اداروں کی چاردیواری کے دونوں اطراف صفائی یقینی بنائی جائے اور شجرکاری کی جائے تاکہ خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔



















