طلبہ کی شخصیت سازی کیلئے کھیلوں میں شرکت کے مواقع ناگزیر ہیں ،کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی شخصیت سازی اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کےلئے ضروری ہے کہ ہم نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں میں انہیں بھرپور شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ ثقافتی و ادبی سرگرمیاں طلبہ و طالبات کو اپنی تہذیب و ثقافت سے روشناس کروانے اور ان میں رواداری پیدا کرنے کےلئے بھی بہت اہم ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کلچرل اور لٹریری سرگرمیوں میں تعلیم سے وابستہ افراد اور نامور شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں یونیورسٹی آف ساہیوال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر سے ملاقات کر رہے تھے جس میں رجسٹرار سید اصغر علی شاہ، کنٹرولر امتحانات مبشر سعید اور ڈائیریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر وسیم طفیل بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اختر نے کمشنر شعیب اقبال سید کو یونیورسٹی میں 8اور9مارچ کو ہونے والے مجید امجد لٹریری فیسٹیول اور 13سے15مارچ تک ہونے والے سپورٹس گالا پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ مجید امجد لٹریری سوسائٹی کے زیر اہتمام اس لٹریری فیسٹیول میں مشاعرہ، کتاب میلہ، تصویری نمائش اور مکالمہ جات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سپورٹس گالہ میں مختلف ان ڈور اور آوٹ ڈور گیمز کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات بھرپور شرکت کریں گے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ لٹریری فیسٹیول بارے ساہیوال کے مختلف کالجوں اور تعلیمی اداروں میں بھرپورتشہیر کی جائے اور اس میں زیادہ سے زیادہ سٹوڈنٹس کی شرکت کو یقینی بنایا جائے۔

علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات کم کرنے کے حوالے سے درخت کلیدی اہمیت رکھتے ہیں اس لئے جنگلات کا تحفظ و بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تمام سرکاری محکموں کے افسران، سول سوسائٹی اور سکول و کالجز کے بچے بڑھ چڑھ کر شجرکاری مہم میں حصہ لیں تاکہ ملک کو سرسبز بنایا جائے اور جنگلات کی شدید کمی کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پھول دار پودوں کے علاوہ پھل دار پودے بھی لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا ہر آدمی اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی دیکھ بھال کا مناسب انتظام کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ اے پی ایس ہائی سکول میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جہاں انہوں نے طلبہ کے ہمراہ پودے لگائے۔ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد، سی ای او ایجوکیشن چوہدری محمد سعید، ڈی ای او سیکنڈری خادم حسین موہل سمیت سکول کے طلبہ اور اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر شعیب اقبال سید نے بچوں کو ہدایت کی کہ پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال پر بھی پوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور پنجاب کو سرسبز و شاداب بنانے میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے کمشنر ساہیوال کا زبردست استقبال کیا اور پریڈ کی۔