درخت انسانی زندگی کی بقا ،اقتصادی ترقی کےلئے انتہائی ضروری ہیں،کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے درخت انسانی زندگی کی بقا اور اقتصادی ترقی کےلئے انتہائی ضروری ہیں، عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں تاکہ ماحول کو سرسبز اور خوشگوار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ’چیکو‘ کا پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈویژنل فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد سمیت کمشنر آفس کے افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی
انہوں نے محکمہ جنگلات پر زور دیا کہ وہ سرکاری نرسریوں سے عوام کو سستے داموں پودوں کی فراہمی یقینی بنائیں اور انہیں سفیدہ جیسے غیر ضروری پودوں کے نقصانات بارے آگہی بھی دیں تاکہ ماحول دوست پودے لگائے جا سکیں۔ ڈویژن فاریسٹ آفیسر ملک وسیم سجاد نے بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ساہیوال ڈویژن میں 26لاکھ90ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے سیلز پوائنٹس سے12لاکھ85ہزار6سو پودے عوام اور مختلف محکموں کو فراہم کئے جا چکے ہیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ چیچہ وطنی فاریسٹ میں مزید شجرکاری کر نے اور مردہ پودوں کو نکالنے کا جامع پروگرام بھی ترتیب دیا جائے۔
بعدازاں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر مےںپسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جی پی او آفس اور یادگار ساہیوال کے اطراف کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں اور پانی کے پائپ لیک ہونے کا نوٹس لے لیا۔ میونسپل کارپوریشن کو آج ہی صفائی یقینی بنانے اور پائپس کی مرمت کرنے کی ہدایت۔ چک نمبر95/6Rکی باونڈری کے ساتھ سیوریج پانی کی بھی نکاسی کی جائے۔انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت جاری مختلف کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہفتہ وار ٹارگٹ کو ہر صورت پورا کیا جائے اور ضروری ہو تو اضافی فورس بھی لگائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو واضح ہدایت دے دی جائیں کہ عوام کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔
ایڈیشنل کمشنر کوارڈیینشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کاشف محمود، ایم او غلام عباس اور صفدر ندیم، اے سی جنرل وقاص ظفر اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد علی خان نے اجلاس مےں شرکت کی۔ دریں اثنا کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ڈویژن میں جاری ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پر زور دیا ہے کہ مردم شماری کی ڈیوٹی سرانجام دینے والی ٹیموں اور گھروں پر لگائے جانے والے خانہ شماری نمبر کو روزانہ چیک کیا جائے۔
انہوں نے مردم شماری عملہ کو ہدایت کی کہ مردم شماری کے کام کو پوری ایمانداری سے سر انجام دیا جائے کیونکہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی اور مستقبل کی پلاننگ کا انحصار مردم شماری کے ڈیٹا پر ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے سلسلہ میں ڈویژنل کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں آر پی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی،تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران مردم شماری ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ کے سرپرائز وزٹس کریں تاکہ اس قومی فریضہ کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے مردم شماری کے عملے پر زور دیا کہ وہ ہر گھر کے درست اعدادوشمار کو یقینی بنائیں اور اس مہم کو کامیاب بنانے میں عوام کا تعاون بھی حاصل کریں۔



















