حکومت تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی بیخ کنی کےلئے سنجیدہ ہے،کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) پنجاب حکومت نوجوان نسل کو منشیات کے برے اثرات سے بچانے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی بیخ کنی کےلئے سنجیدہ ہے اور طلبا و طالبات کو منشیات خصوصاً آئس سپلائی کرنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کاروائی کر رہی ہے، نوجوان نسل ہمارے ملک کے مستقبل کا سرمایہ ہے جس کی بہتر تربیت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہ بات کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے اپنے دفتر میں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے منعقدہ اجلاس میں کہی ۔
اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق،امتیاز احمد کھچی اور ڈاکٹر ذیشان حنیف اور اے سی جنرل وقاص ظفر سمیت ہیلتھ،ایجوکیشن،پولیس اور دوسرے متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی -کمشنر شعیب اقبال سید نے تعلیمی اداروں کے سربراہان پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں میں ویگن ڈرائیورز،گارڈز اور کیٹین مالکان کی سکرینگ کرائیں اور سکولوں میں والدین سے خصوصی میٹنگز کرکے انہیں اس سنگین خطرے سے آگاہ کریں تاکہ بچوں کی بروقت کاونسلنگ ہو سکے اور انہیں منشیات کے استعمال سے روکا جاسکے -
انہوں نے سکول کونسلوں کو فعال کرنے اور سوشل میڈیا سے بھی مدد لینے کی ہدایت کی۔ انہو ں نے کہا کہ طلبا و طالبات میں منشیات کا استعمال ایک سنجیدہ سماجی خطرے کی صورت اختیار کر رہا ہے جس کو روکنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے سرکاری سکولوں اور کالجز کے ساتھ ساتھ نجی تعلیمی اداروں پر بھی خصوصی فوکس کرنے کی ہدایت کی۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے عوام کو روز مرہ اشیاءضروررت کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے اور انہیں مہنگائی کے اثرات سے بچانے کےلئے ڈویژن کے تمام پرائس مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اور صارف کو مقررکردہ قیمتوں میں اشیاءصرف کی فروخت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے بڑے سٹورز میں قائم ڈی سی کاو¿نٹرز کو بھی فعال رکھنے اور ٹرکنگ پوائنٹس پر سستے آٹا کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں اشیاءصرف اور کھاد کی قیمتوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق،ڈاکٹر ذیشان حنیف اور امتیاز احمد کھچی اور اے سی جنرل وقاص ظفر سمیت محکمہ زراعت اور خوراک کے افسران نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ آٹا کی سپلائی کے لئے بنائے گئے ٹرکنگ پوائنٹس کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ ان سے عام آدمی کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 65ڈی سی کاونٹرز قائم ہیں جن میں 28ضلع ساہیوال،22ضلع اوکاڑہ اور 15ضلع پاکپتن میں قائم ہیں اسی طرح ڈویژن بھر میں 86ٹرکنگ پوائنٹس پر سستا آٹا فروخت کیا جاتا ہے جن میں 31ضلع ساہیوال،33ضلع اوکاڑہ اور22ضلع پاکپتن میں ہیں۔
کمشنر شعیب اقبال سید نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور بڑے شہروں میں رمضان بازار لگانے کے لئے ابھی سے تمام تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ روز مرہ اشیاءصرف کی قیمتوں کا از سر نو جائزہ لے کر انہیں نوٹیفائی بھی کر دیا جائے۔ اجلاس میں ساہیوال ڈویژن میں یوریا کھاد کی دستیابی اور فروخت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ زراعت کے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ کھاد کی ہر بوری مقررہ کردہ نرخوں پر ہی فروخت ہو۔