انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا آئینی اختیار حاصل نہیں، الیکشن کمیشن

لاہور(خبر نگار)پنجاب اسمبلی کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ، الیکشن کمیشن کوانتخابات کی تاریخ کے اعلان کا آئینی اختیار حاصل نہیں ، لاہور ہائی کورٹ نے بھی گورنر سے مشاورت کرنے کا فیصلہ دیا ،ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ میں متفرق درخواست بھی دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، متفرق درخواست میں الیکشن کمیشن عدالتی فیصلہ پر عملدرآمد میں پیش مشکلات پر راہنمائی طلب کرے گا ،خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کو لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے وجوہات بتائی جائیں اور گورنر سے مشاورت کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ انتخابات آئین میں وضع کردہ مینڈیٹ کے مطابق 90 دن کے اندر ہی ہوں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے کہا ہے کہ کمیشن اپناکام آئین، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے اور کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے رہا ہے۔ ترجمان ای سی پی نے کہا کہ کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مکمل غیر جانبدارانہ، بلا خوف وخطراورآزادانہ طور پر انجا م دیتا ہے، کمیشن یومیہ کی بنیاد پر تشکیل کردہ بینچوں کے ذریعے اب تک سینکڑوں پٹیشنز کا فیصلہ کر چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مدت ختم ہونے کے بعد سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کا کامیاب انعقاد کیا، سینیٹ کے 5، نیشنل اسمبلی کے 19اور صوبائی اسمبلیوں کے 40 حلقہ جات پر ضمنی انتخابات کا پرامن انعقاد یقینی بنایاہے۔ترجمان ای سی پی نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اب بھی 65نیشنل اسمبلی کے حلقہ جات پر انتخابات کرارہا ہے، عام انتخابات کے لئے حلقہ بندیوں کا کام کامیابی سے مکمل کیا گیا، انتخابی فہرستوں کو نئے سرے سے مرتب کرنا بہت بڑا کام تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر ملک بھر میں نظر ثانی کرکے 7اکتوبر کو شائع کر دیں، انتخابی فہرستیں آئندہ عام انتخابات کے لئے اپ ڈیٹ کی گئیں۔