لاہور:(لیڈرنیوز)مریم اورنگزیب نے فارن فنڈنگ کیس کا تمام ریکارڈ سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کی جعلسازی کا ایک اور ناقابل تردید ثبوت سامنے آگیا۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی کے ڈونرز کے طور پر دکھا کر اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے۔ شوکت خانم کے عطیہ دہندگان کا اعتراض ہے کہ ان کا عطیہ پی ٹی آئی کے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے اور اس مجرمانہ انکشاف کے بعد کارروائی براہ راست ٹیلی کاسٹ کی جائے۔ عمران صاحب کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیر ملکی ناجائز سرمائے کی تفصیلات خفیہ رکھی جا رہی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد ہونے کے باوجود 8 جلدیں چھپائی جا رہی ہیں۔ عمران صاحب کے برطانیہ، امریکا، آسٹریلیا اور فن لینڈ سمیت غیر ملکی بینکوں میں اکاو¿نٹس کی تفصیلات آنا باقی ہیں۔ الیکشن کمیشن غیر ملکی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے۔ اور انصاف کے تقاضے بلاتاخیر پورے کیے جائیں۔
#Maryam Aurangzeb demanded to bring out all the records of foreign funding case



















