مسئلہ کشمیر‘ٓہم سعودی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں‘فوادچوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔سعودی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا یہ سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہوگا۔ عمران خان کے سعودی قیادت سے اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے جبکہ اس دورے کے دوران سپریم کوآرڈینیشن کونسل اور اقتصادی شراکت داری پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں ،سعودی عرب مسئلہ کشمیر حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔فوادچوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ایران تنازعہ کے خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ، ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہئے ، وزیر اعظم ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں سعودی ولی عہد کے بیان کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔