اسلام آباد:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زر داری نے کہاہے کہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔پی پی چیئرمین نے ملک میں بڑھتی مہنگائی کے حوالے سے بیان میں کہاکہ مافیاز کی سرپرست عمران خان کی حکومت مہنگائی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ پی پی چیئرمین نے کہاکہ کم آمدنی والے گھرانے کے لئے زندگی گزارنا ناقابل برداشت ہوتا جارہا ہے، کپڑوں کی سلائی کی قیمتوں میں 4.5 فیصد تک کے اضافے کے بعد عام آدمی عید کیلئے نئے کپڑے بنواتے ہوئے بھی اپنی جیب کو دیکھ رہا ہے۔ بلاول نے کہاکہ گھروں کے کرایوں کی مد میں 9.3 فیصد تک کے اضافے کا مطلب عام آدمی کو خدانخواستہ سڑک پر لانے کے مترادف ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کا اضافہ عمران خان کی عوام دشمنی کی انتہا ہے۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ عام آدمی آخر کہاں جائے کہ ملک میں صرف کھانے پینے کی اشیا 15.9 فیصد تک مہنگی ہوچکی ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ وزیراعظم صاحب، مدینے کی ریاست میں روزے دار پھلوں کی قیمتوں میں 25.2 فیصد اضافے کے بعد فروٹ چاٹ بناتے ہوئے اپنی جیب دیکھ رہے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ صرف ٹماٹر کی قیمتوں میں 67 فیصد تک ہوشربا اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان مہنگائی مافیا کے سرغنہ ہیں۔
مافیازکی سرپرست پی ٹی آئی حکومت عوام کو لوٹ رہی ہے‘بلاول



















