اسلام آباد:اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی شہبازشریف نے آکسیجن کی قلت میں اضافے اور کورونا صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو بھارت جیسی بدقسمتی سے بچانے کے لئے جامع ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے ،کورونا سے متعلق وفاق ،چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان میں یومیہ بنیادوں پر مشاورت کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے، حکومت عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو فعال کرے اور وبا سے نمٹنے میں اسکے نمائندوں سے مدد لے۔ اپنے بیان میں صدرمسلم لیگ ن نے کہاکہ کوروناکی نئی اقسام اور اس کے مہلک اثرات سے عوام کو بچانے کے لئے حکمت عملی کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے دور میں ڈینگی وبا سے نمٹنے کے لئے وضع کی گئی کامیاب حکمت عملی کا ماڈل استعمال کیا جاسکتا ہے ۔شہبازشریف نے کہاکہ حکومت عوام الناس کی حفاظت کے لئے ویکسین کی فراہمی کے عمل کو تیز کرے ، نجی شعبے کی مدد لی جاسکتی ہے ۔قائد حزب اختلاف نے کہاکہ کورونا کے موجودہ مرحلے میں مزید کسی قسم کا ابہام، شش وپنج یا لیت ولعل ہلاکت خیز غلطی ثابت ہوگی ۔صدر ن لیگ نے کہاکہ گزشتہ ماہ و سال کے تجربات کا یہی نتیجہ سامنے آیا ہے کہ کورونا پر قابو پانے کا واحد راستہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو جلد از جلد ویکسین لگانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ مجرمانہ غفلت ہے کہ حکومت نے مطلوبہ مقدار میں ویکسین کی خریداری کے لیے بروقت اقدامات نہیں کئے،اس مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں کورونا آج اس حد تک ملک میں پھیل گیا ہے،واضح، دوٹوک ذہن اور پالیسی کے ساتھ مرحلہ وار انتظامی امور پر توجہ دی جائے ۔شہبازشریف نے کہاکہ زمینی حقائق کا درست تعین، قابل اعتماد اعدادوشمار کی فراہمی اور اقدامات کی موثر نگرانی کو یقینی بنانا ہوگا ۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہاکہ کورونا سے متعلق وفاق ،چاروں صوبوں، آزادکشمیراورگلگت بلتستان میں یومیہ بنیادوں پر مشاورت کا سلسلہ شروع ہونا چاہئے ۔ صدرن لیگ نے کہاکہ قوم سے اپیل کرتاہوں کہ کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے اس موذی وبا کے خاتمے میں حکومتی اداروں کا ساتھ دیں ،تمام عوامی نمائندے ہر سطح پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں عوام کو شعور دیں اور انہیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے میں مدد دیں ۔
بھارت جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے ہنگامی حکمت عملی مرتب کی جائے



















