جنگ کا 30 واں روز: ایران کا 500 امریکی فوجی ہلاک و زخمی کا دعویٰ

تہران، واشنگٹن، ریاض (مشر ق نیوز) مشرق وسطیٰ میں جنگ 30 ویں روز میں داخل ہو گئی، ایران کے پاسداران انقلاب نے آج حملوں میں 500 امریکی فوجی ہلاک و زخمی کرنے اور ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیل کے لبنان اور ایران میں شہری علاقوں پر وحشیانہ حملے جاری ہیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ جنوبی فارس میں ایک امریکی ایف 16 طیارہ مار گرایا، طیارہ سعودی ایئر بیس پہنچنے سے پہلے کریش ہوگیا، مقبوضہ فلسطین اور خطے میں امریکی و اسرائیلی صنعتوں پر شدید حملے کئے ہیں، آئندہ ایرانی صنعتوں پر حملہ ہوا تو نتیجہ سوچ سے برا ہوگا۔ پاسداران انقلاب نے مزید بتایا کہ حیفہ میں سٹرٹیجک الیکٹرونک وار فیئر سینٹر کو نشانہ بنایا ہے، بن گورین ایئر بیس پر ایندھن کے ذخیروں پر بھی حملہ کیا گیا۔

روس نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات کی عالمی برادری کو بھرپور مخالفت کرنی چاہئے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات، بشمول بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ، پر حملے نہایت خطرناک ہیں اور ان سے بڑے پیمانے پر تابکاری پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

یمن کے حوثی جنگجوو¿ں کا کہنا ہے کہ انہوں نے جنوبی اسرائیل کے کچھ حصوں میں دوسرا حملہ کیا ہے، کروز میزائلوں اور ڈرونز کی مدد سے یہ حملے کیے جن کا ہدف اسرائیل کی کئی اہم فوجی تنصیبات تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملے ایران اور حزب اللہ کی متعلقہ فوجی کارروائیوں کے ساتھ مل کر کیے گئے تھے اور اپنے مقاصد میں کامیاب رہے اور آئندہ چند دنوں میں مزید حملے کیے جائیں گے جب تک کہ دشمن اپنی حملوں اور جارحیت کو بند نہیں کرتا۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایک ماہ کے دوران ایران کے خلاف جنگ میں 11 ہزار سے زائد اہداف پر حملے کئے گئے، ان حملوں کے دوران ایران کے 150 سے زائد جہازوں کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔ دوسری طرف ایرانی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سمیت متعلقہ ادارے این پی ٹی سے ایران کے دستبردار ہونے پر غورکر رہے ہیں۔ایرانی میڈیا کا کہناہے کہ واضح ہو چکا ہے کہ ایران کے این پی ٹی میں رہنے کا جواز ہی نہیں بچا، اقدام کا مقصد آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے بھیس میں امریکہ اور اسرائیل کو ایران کی مزید جاسوسی سے روکنا ہے۔

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے ایٹمی بجلی گھروں پر حملے کئے جارہے ہیں اور آئی اے ای اے اس کی مذمت تک نہیں کر رہی۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ وہ انتقامی کارروائی کے دوران اب خطے میں اسرائیل اور امریکی یونیورسٹیوں کو نشانہ بنائیں گے۔

پاسداران انقلاب نے یونیورسٹیوں کے عملے، طلبہ اور ان جامعات کے قریب رہنے والے عام شہریوں کو کہا ہے کہ وہ اپنی جانیں محفوظ رکھنے کیلئے ان تعلیمی اداروں سے کم از کم ایک کلومیٹر کا فاصلہ رکھیں۔ پاسداران انقلاب نے یہ دھمکی تہران میں واقع ایران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر حملے کے ردعمل میں دی ہے، جنگ کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے جان بوجھ کر ایران کی کئی جامعات اور تحقیقی مراکز پر حملے کئے۔

ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کی 93 ہزار سویلین املاک تباہ ہوئی ہیں، مختلف ایرانی صوبوں میں کیے گئے حملوں میں تباہ مکانات کی تعداد 71 ہزار 547 ہوچکی ہے۔ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اب تک 20 ہزار 779 تجارتی املاک کو نقصان پہنچا ہے، صرف تہران میں 31 ہزار 562 رہائشی و تجارتی املاک امریکی و اسرائیلی حملوں میں تباہ ہوئی ہیں۔

ایرانی ہلال احمر کے مطابق امریکی و اسرائیلی حملوں میں 600 سکول تباہ ہوچکے ہیں، ایران میں بنیادی صحت اور ہنگامی طبی امداد کے 295 مراکز بھی امریکی و اسرائیلی حملوں کو نشانہ بنے ہیں۔