غیر قانونی چارجز واپس نہ لئے تو ملک گیر ہڑتال کرینگے: لاہور چیمبر، ایف پی سی سی آئی

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایئر کارگو گراونڈ ہینڈلنگ چارجز میں اچانک اضافے کیخلاف ہنگامی پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں برآمدکنندگان، ایئر کارگو ایجنٹس اور کاروباری برادری نے متفقہ طور پر ان اضافی چارجز کو غیر قانونی، غیر اخلاقی اور برآمدات دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے فوری واپسی کا مطالبہ کیا۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان پہلے ہی خطے میں مسابقتی لحاظ سے مشکلات کا شکار ہے کیونکہ ملک میں کاروباری لاگت بہت زیادہ ہو چکی ہے جس کے باعث نہ صرف صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ برآمدات میں اضافہ بھی ممکن نہیں رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری لاگت کم کرنے کے بجائے اچانک نئے چارجز نافذ کرنا برآمدی شعبے کیلئے شدید دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایکسپورٹ کارگو کی گراونڈ ہینڈلنگ خدمات فراہم کرنے والی دو کمپنیوں نے بغیر کسی مشاورت اور سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے فی کلو 50 روپے اضافی چارجز عائد کر دئیے جو حیران کن اور ناقابل قبول اقدام ہے۔ ان کے مطابق اس فیصلے میں نہ حکومت کو آن بورڈ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ فریقین سے مشاورت کی گئی، جو بین الاقوامی اصولوں اور ریگولیٹری قوانین کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ان اضافی چارجز کو فوری روکنے اور قانونی جواز طلب کیا، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ متعلقہ کمپنیاں اب بھی ان ہدایات کو نظرانداز کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ادارہ حکومتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور چیمبر ایئر کارگو ایجنٹس آف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھایا جائے گا تاکہ برآمدکنندگان پر مسلط کیے گئے اضافی چارجز واپس لیے جا سکیں۔ انہوں نے وزارتِ تجارت اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران رانا شعبان اختر، ملک آصف، سید سلمان علی، محسن بشیر، چیئرمین پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈنگ ایسوسی ایشن جمیل احمد، میاں عبدالحنان، کاشف ملک، اعجاز غوری، توقیر ملک، محمد عثمان، عامر منیر سمیت مختلف تجارتی و برآمدی تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ ایئر کارگو ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین رانا طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گراو¿نڈ ہینڈلنگ کمپنیوں نے بغیر کسی قانونی منظوری کے اضافی چارجز نافذ کیے، حالانکہ ان کی تقرری ایئرلائنز کرتی ہیں اور ادائیگیاں بھی ایئرلائنز کے ذریعے ہوتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کارگو ہینڈلنگ کے تمام اخراجات ایک مقررہ نظام کے تحت ادا کیے جا رہے ہیں اور اس میں کوئی نئی آپریشنل تبدیلی نہیں آئی جس کی بنیاد پر چارجز بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ تقریباً سات سو ٹن کارگو مختلف ایئرپورٹس سے منتقل ہوتا ہے اور 50 روپے فی کلو اضافے سے روزانہ کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ برآمدکنندگان پر ڈال دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ رقم براہ راست ایکسپورٹرز ادا کریں گے جس سے پاکستانی مصنوعات عالمی منڈی میں مزید غیر مسابقتی ہو جائیں گی۔ رانا طارق محمود نے اعلان کیا کہ ایئر کارگو ایجنٹس اور متعلقہ ایسوسی ایشنز نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر آج رات بارہ بجے تک اضافی چارجز واپس نہ لیے گئے تو ملک بھر میں کارگو ہینڈلنگ روک دی جائے گی، کوئی نیا کارگو بک نہیں کیا جائے گا اور ایئر وے بل جاری نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس بھی اس احتجاج میں شامل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر شعبے بھی ہڑتال میں شامل ہونے پر غور کر رہے ہیں۔ چیئرمین پاکستان انٹرنیشنل فریٹ فارورڈنگ ایسوسی ایشن، جمیل احمد نے کہا کہ کارگو ہینڈلنگ چارجز میں اچانک اضافہ پاکستان کے پہلے سے کمزور برآمدی شعبے کو مزید نقصان پہنچائے گا اور فریٹ فارورڈرز کیلئے سنگین آپریشنل مشکلات پیدا کریگا۔ پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ میٹ ایکسپورٹرز نے احتجاجاً پہلے ہی کام روک دیا ہے جبکہ دیگر برآمدی سیکٹرز بھی جلد کام بند کرنے کا اعلان کر سکتے ہیں اگر مسئلہ فوری حل نہ ہوا۔شرکاءنے خبردار کیا کہ اگر ایسے غیر مشاورتی اور یکطرفہ فیصلوں کی حوصلہ شکنی نہ کی گئی تو مستقبل میں مزید غیر قانونی چارجز عائد کیے جا سکتے ہیں، جس سے ملکی برآمدات اور معیشت کو شدید نقصان پہنچے گا۔ لاہور چیمبر اور کاروباری تنظیموں نے حکومت سے فوری مداخلت اور برآمدی شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گراو¿نڈ ہینڈلنگ ایجنسیز کی طرف سے ایکسپورٹ کارگو پر یکطرفہ اضافی چارجز پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ زکی اعجاز، ریجنل چیئرمین اور وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ایئر کارگو گراو¿نڈ ہینڈلنگ چارجز میں ہر کلو گرام ایکسپورٹ کارگو پر 25 سے 50 روپے اضافی فیس عائد کی ہے جس سے روزانہ تقریباً 40 ملین، ہفتہ وار 280 ملین اور ماہانہ 1.2 ارب روپے کا مالی بوجھ پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پہلے یہ جی ایچ اےز اضافی چارجز براہ راست ایئر لائن کے ساتھ ڈیل کر کے ہی وصول کرتے تھے اور برآمد کنندگان سے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جاتی تھی لیکن اب وہ اس نظام کو بائی پاس کر کے یہ اضافی چارجز براہ راست برآمد کنندگان سے وصول کر رہے ہیں جو ایک واضح ناانصافی ہے۔ زکی اعجاز نے خبردار کیا کہ برآمد کنندگان پہلے ہی بڑھتے ہوئے دفاعی کرایوں اور کاروباری اخراجات کا سامنا کر رہے ہیں اور یہ غیر متوقع چارجز ٹیکسٹائل و فارما سازی پر منحصر اور پاکستان کی بین الاقوامی تجارتی ساکھ کو شدید خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔ یہ اضافی فیسیں ایئر لائن بلنگ سسٹم کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی کے ضوابط کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ زکی اعجاز نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر برآمدات کو بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں اور یہ اقدام ان کوششوں پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر تجارت جام کمال، وفاقی وزیر برائے دفاع اور سول ایوی ایشن اتھارٹی خواجہ آصف سے فوری مداخلت کرنے کی اپیل کی۔ جمیل احمد چیئرمین پیفا نے کہا کہ اگر یہ چارجز فوری طور پر واپس نہ لیے گئے تو متاثرہ شہر میں 12 بجے کے بعد کوئی کارگو نہیں دیا جائے گا، جس سے ملک گیر ہڑتال ہو سکتی ہے۔ رانا طارق، چیئرمین اے سی اے اے پی نے کہا کہ برآمد کنندگان اس طرح کے غیر متوقع اور بھاری چارجز کے تحت کاروبار جاری نہیں رکھ سکتے۔ مسعود عالم، چیئرمین لاہور مال چیمبر نے بھی فوری حکومتی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ محمد حنان، چیئرمین پاکستان میٹ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ برآمدات، خاص طور پر گوشت کی برآمدات، متاثر ہو سکتی ہیں۔ زکی اعجاز، ریجنل چیئرمین اور وائس پریذیڈنٹ ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ یہ یکطرفہ اقدام پاکستان کے 100 ارب کے برآمداتی ہدف اور بین الاقوامی تجارتی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ایف پی سی سی آئی نے چارجز کی فوری واپسی، جی ایچ اے لائسنسز کا جائزہ، اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل اور غیر مجاز فیس میں اضافے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔