لاہور (نعیم جاوید) پاکستان کی ویٹرنری فارما انڈسٹری کو اسوقت خام مال کی شدید قلت، ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے اور پیچیدہ ریگولیٹری نظام کے باعث سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔ صنعت سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ تقریباً 90 سے 100 ارب روپے حجم کی اس اہم صنعت کی پیداواری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں جس کے اثرات مویشی پال حضرات اور لائیو اسٹاک کے شعبے تک بھی پہنچ رہے ہیں۔ ویٹرنری ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے مطابق بیشتر خام مال بیرون ملک سے درآمد کیا جاتا ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے کے باعث خام مال کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں جبکہ بینکوں کی جانب سے درآمدی لیٹر آف کریڈٹ کھولنے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث متعدد کمپنیوں کو پیداوار محدود کرنا پڑ رہی ہے جس سے مارکیٹ میں ویٹرنری ادویات کی دستیابی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق پاکستان میں لائیو سٹاک کا شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور دیہی معیشت کا بڑا حصہ اس سے وابستہ ہے۔ ویٹرنری ادویات کی بروقت دستیابی نہ ہونے سے مویشیوں کی بیماریوں کے علاج میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جس کے نتیجے میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ویٹرنری فارما کمپنیوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ خام مال کی درآمد کیلئے درکار حکومتی منظوریوں اور ریگولیٹری تقاضوں کا عمل انتہائی پیچیدہ اور وقت طلب ہے۔ مختلف سرکاری اداروں سے اجازت نامے حاصل کرنے میں طویل تاخیر کے باعث صنعتکاروں کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ انکا موقف ہے کہ اگر ریگولیٹری نظام کو سادہ اور تیز رفتار بنایا جائے تو صنعت کی مشکلات میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔صنعتی حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر میں اضافے کے باعث پیداواری لاگت بڑھنے سے ویٹرنری ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے جس کا براہ راست بوجھ مویشی پال کسانوں پر پڑے گا۔ چھوٹے فارمرز پہلے ہی مہنگی فیڈ اور دیگر اخراجات کے باعث مشکلات کا شکار ہیں اور اگر ادویات بھی مہنگی ہو جائیں تو لائیو سٹاک کے شعبے کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے۔انڈسٹری کے نمائندوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ویٹرنری فارما سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خام مال کی درآمد کیلئے ڈالر کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور ریگولیٹری عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ صنعت بلا تعطل کام جاری رکھ سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ویٹرنری فارما انڈسٹری کو بروقت سہولتیں فراہم نہ کی گئیں تو اس کے اثرات نہ صرف لائیو سٹاک بلکہ خوراک کی مجموعی پیداوار پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لائیو اسٹاک کا شعبہ زرعی معیشت کا ایک مضبوط ستون ہے اور اس کی بہتری کیلئے ویٹرنری ادویات کی صنعت کو مستحکم کرنا ناگزیر ہے۔
ویٹرنری فارما انڈسٹری کو خام مال کی قلت ، پیداواری سرگرمیاں متاثر



















